شعیب ملک کلیئر قرار؛ ٹیم میں شمولیت کے امکانات روشن
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انٹیگریٹی کمیٹی نے سابق کپتان شعیب ملک کو کلیئر قرار دیتے ہوئے قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے اہل قرار دے دیا ہے. انٹیگریٹی کمیٹی نے اس کا باضابطہ اعلان 15 اگست کو ہونے والے اجلاس میں شعیب ملک کی فراہم کردہ تفصیلات اور دستاویزات اور معلومات کو درست پانے کے بعد کیا. کمیٹی نے تفصیلی مشاورت کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ شعیب ملک کے غیر ملکی اکاؤنٹ میں مشکوک ذرائع سے رقم نہیں آئی جس کے بعد انہیں متفقہ طور پر کلیئر قرار دے دیا گیا. اب شعیب ملک پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے اہل ہوچکے ہیں اور قوی امکان ہے کہ وہ آئندہ ماہ دورہ زمبابوے پر روانہ ہونے والی ٹیم کا بھی حصہ ہوں.
پی سی بی نے گزشہ سال شعیب ملک کے غیر ملکی اثاثوں پر شبہ کا اظہار کرتے ہوئے اس بارے میں وضاحت طلب کی تھی اور تسلی بخش جواب نہ دینے پر ان پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کردی تھی. شعیب ملک پر اس سے قبل دورہ نیوزی اورآسٹریلیا کے دوران ٹیم میں انتشار پھیلانے اور نظم و ضبط کی خلاف ورزری کے الزامات پر مارچ 2010ء میں ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی تاہم بعد ازاں اسے صرف دو ماہ بعد ہی ختم کردیا گیا تھا.
شعیب ملک دورہ زمبابوے کے لئے اعلان کردہ دستے میں بطور ریزرو کھلاڑی شامل ہیں. سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ان کی قومی ٹیم میں شمولیت کو پی سی بی کی جانب سے کلیئرنس سے مشروط قرار دیاگیا تھا. کلیئرنس جاری ہونے کے بعد قوی امکان ہے کہ شعیب ملک کو دورہ زمبابوے کے لئے ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا نیز انہیں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سونپے جانے کے بھی اشارے مل رہے ہیں.
شعیب ملک نے کمیٹی کی جانب سے کلیئر قرار دیئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم سے باہر رہنے کا عرصہ ان پر بہت بھاری گزرا خاص کر عالمی کپ 2011ء کے لئے قومی ٹیم کا حصہ نہ ہونے ان کے لئے تکلیف دہ امر تھا. دوسری جانب شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کلیئر نس ملنے پر سابق کپتان کو مبارکباد دی ہے. انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ شعیب ملک جلد پاکستانی ٹیم کا حصہ بنیں.
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ شعیب ملک نے بین الاقوامی کیرئیرکا آغاز 14 اکتوبر 1999ء کو شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ مقابلے سے کیا. ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں تسلی بخش کاکردگی کی بنیاد پر انہیں اگست 2001ء میں پاکستان کے دورے پر آنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کے خلاف میچ میں ٹیسٹ کیپ دی گئی. شعیب ملک اب تک 192 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں 7 سینچریوں کی مدد سے 5188 رنز اور 134 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں. انہوں نے 32 ٹیسٹ میچز میں پاکستانی کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 سینچریوں کی مدد سے 1606 رنز بنانے کے ساتھ 21 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں. شعیب ملک نے پاکستان کی جانب 32 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھی سے حصہ لیا. عالمی کپ 2007ء میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ٹیم کی باگ ڈور شعیب ملک کو سونپی گئی تھی تاہم 2009ء میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں 2-1 سے شکست کے بعد انہیں کپتانی سے سبکدوش کردیا گیا تھا. شعیب ملک نے آخری بار اگست 2010 ء میں انگلستان کے خلاف قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی.