وقار یونس نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر استعفیٰ دیا، دیگر اطلاعات بے بنیاد ہیں: پی سی بی

1 1,030

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان رپورٹوں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں اور سلیکشن کمیٹی سے اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔

ذرائع ابلاغ میں ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وقار نے استعفیٰ بورڈ اور انتظامیہ سے اختلافات کے باعث دیا
ذرائع ابلاغ میں ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وقار نے استعفیٰ بورڈ اور انتظامیہ سے اختلافات کے باعث دیا

بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے بتایا ہے کہ وقار یونس نے چند روز قبل بورڈ سے رابطہ کیا تھا کہ وہ ذاتی وجوہات اور اپنی صحت کے مسائل کے باعث قومی فرائض سے سبکدوشی کی درخواست کی۔ گو کہ یہ بورڈ کے لیے ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن بورڈ ان کی صورتحال کو سمجھتا ہے۔ پاکستان کے لیے بطورکھلاڑی اور کوچ ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ہم ٹیم کی تعمیر نو میں ہم ان کے ساتھ کام کرنا جاری رکھنا چاہتے تھے لیکن انہیں اپنے مسائل کے باعث چھوڑنا پڑا۔ ہر کسی کو ان کی ذاتی ترجیحات کا احترام کرنا چاہیے۔ پی سی بی ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق سبحان احمد نے وقار یونس کے استعفے کی وجوہات کو مکمل طور پر ذاتی قرار دیتے ہوئے ذرائع ابلاغ میں آنے والی دیگر تمام رپورٹوں کو مسترد کر دیا ہے۔

دوسری جانب وقار یونس نے بھی کہا ہے کہ بدقسمتی سے ذرائع ابلاغ ہی سے ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں جبکہ میں نے انہی کے نمائندوں کے سامنے اپنے استعفے کی تمام وجوہات پیش کی تھیں۔ پاکستان کے لیے کام کرنا میرے لیے باعث افتخار تھا۔ استعفے کے پیچھے مکمل طور پر میری ذاتی وجوہات ہیں اور اس حوالے سے تمام دیگر خبریں مکمل طور پر غلط ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مکمل مدد کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ذاتی مسائل حل ہو جانے کے بعد جب بھی موقع ملا پاکستان کے لیے خدمت انجام دینے کو دستیاب ہوں گے۔

وقار یونس نے سنیچر کو ایک پریس کانفرنس میں اچانک اعلان کر دیا تھا کہ دورۂ زمبابوے بطور کوچ ان کا آخری دورہ ہوگا اور اس کے بعد وہ پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات مزید جاری نہیں رکھ پائیں گے۔