ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کی کمزوری ظاہر ہو گئی؛ شین وارن
آسٹریلیا کے لیجنڈری اسپنر شین وارن نے کہا ہے کہ انگلستان کے خلاف بھارت کی بدترین شکست نے طویل طرز کی کرکٹ میں ان کی کمزوری کو ظاہر کر دیا ہے اور اب موقع آ گیا ہے کہ کھیل کی تینوں طرز پر یکساں توجہ مرکوز کی جائے۔
برطانیہ کے روزنامے ٹیلی گراف کے لیے لکھے گئے کالم میں شین وارن نے لکھا ہے کہ بھارت کو پوری سیریز کے لیے ایک ہی دستہ منتخب کرنے کی وجہ سے اب تک مسائل پیش آ رہے ہیں اور آگے بھی آئیں گے۔ ٹیسٹ سیریز میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت کو اپنی ترجیحات کا تعین کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹ زیادہ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ انگلستان میں اکثر کھلاڑیوں کو شارٹ گیندیں کھیلنے میں مشکل پیش آئی اور ان کے گيند باز بھی وکٹیں حاصل نہیں کر پائے۔
وارن کا کہنا ہے کہ چند بھارتی کھلاڑی ملک کی نمائندگی پر انڈین پریمیر لیگ کو ترجیح دے رہے ہیں جو بھارتی کرکٹ کے لیے سب سے زیادہ تشویشناک امر ہے۔ ٹیم کے کئی اراکین نے دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلستان میں نمائندگی نہیں کی لیکن وہ آئی پی ایل کھیلنے پر خوش ہیں۔ یہ رحجان ملک کی ٹیسٹ کرکٹ کے لیے بہت تشویشناک ہے۔ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی اہمیت اپنی جگہ لیکن بھارت کو ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح دینی چاہیے۔