کوچ کی تلاش، کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہوگا

1 1,110

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کی تلاش کے لیے مقررہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج لاہور میں ہوگا۔

چند روز قبل پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس 6 ستمبر کو منعقد ہوگا لیکن کرک نامہ نے اپنے باوثوق ذرائع سے قارئین کو بتایا کہ کمیٹی کا اجلاس اس تاریخ کو ممکن ہی نہیں تھا کیونکہ ایک رکن کرنل (ر) نوشاد علی اس وقت بیرون ملک ہیں۔ اس سلسلے میں کرک نامہ کو معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی کا اجلاس آج (8 ستمبر بروز جمعرات) منعقد ہو رہا ہے جس کی سربراہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ اور مقررہ کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم کریں گے جبکہ دیگر اراکین ظہیر عباس اور کرنل (ر) نوشاد علی بھی اس میں شریک ہوں گے۔

ٹیم کے معاون رمیز راجہ، اس وقت کمنٹری کے لیے زمبابوے میں موجود ہیں اور وہ آن لائن اجلاس میں شرکت کریں گے۔

کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم آج شام ساڑھے پانچ بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کریں گے اور اجلاس میں ہونے والی کارروائی سے آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ موجودہ کوچ وقار یونس اس وقت زمبابوے میں اپنے آخری فرائض انجام دے رہے ہیں اور دورے کے اختتام پر مستعفی ہو جائیں گے۔