سال کی بہترین ایک روزہ ٹیم کا اعلان، پاکستان کے عمر گل شامل

1 1,048

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے سال کی بہترین ایک روزہ ٹیم (او ڈی آئی ٹیم آف دی ایئر) کا اعلان کر دیا ہے جسے ویسٹ انڈیز کے عظیم قائد کلائیو لائیڈ کی زیر قیادت ایک خصوصی پینل نے منتخب کیا ہے۔

آئی سی سی ایوارڈز 2011ء
آئی سی سی ایوارڈز 2011ء

کرک نامہ کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق 'او ڈی آئی ٹیم آف دی ایئر' کا اعلان آئی سی سی کرکٹ ایوارڈز سے قبل کیا گیا ہے، جس کی تقریب آج شب کو گروسوینر ہاؤس ہوٹل، لندن میں منعقد ہوگی۔

اعلان کردہ 12 رکنی ٹیم میں عالمی کپ کی فاتح بھارت اور سری لنکا کے کھلاڑیوں کی تعداد 7 ہے جبکہ پاکستان کے واحد کھلاڑی عمر گل ہیں جنہوں نے اپنی شاندار گیند بازی کے ذریعے اس ٹیم میں جگہ پائی ہے۔ عالمی چیمپئن بھارت کے چار اور رنر اپ سری لنکا کے تین کھلاڑی ٹیم میں شامل ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے دو اور آسٹریلیا، انگلستان اور پاکستان کا ایک، ایک کھلاڑی اس ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ان چھ ٹیموں کے علاوہ ان سے نیچے موجود ٹیموں ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور زمبابوے کا کوئی کھلاڑی اس دستے میں جگہ نہیں بنا پایا۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

کھلاڑی ملک
تلکارتنے دلشان
وریندر سہواگ
کمار سنگاکارا
اے بی ڈی ولیئرز
شین واٹسن
یووراج سنگھ
مہندر سنگھ دھونی (کپتان/وکٹ کیپر)
گریم سوان
عمر گل
ڈیل اسٹین
ظہیر خان
لاستھ مالنگا (بارہویں کھلاڑی)

بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو اس دستے کی قیادت بخشی گئی ہے، جن کی کپتانی میں بھارت نے عالمی کپ 2011ء اپنے نام کیا۔ یہ مسلسل چوتھا موقع ہے کہ دھونی بہترین ایک روزہ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

بھارت کے شامل کیے گئے چاروں کھلاڑی رواں سال اپریل میں سری لنکا کو عالمی کپ کے فائنل میں ہرانے والے دستے کا حصہ تھے جبکہ سری لنکا کے تلکارتنے دلشان، کمار سنگاکارا اور لاستھ مالنگا بھی اسی ٹیم میں شامل تھے جو بھارت کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئی تھی۔

آئی سی سی ایوارڈز کے سلیکشن پینل کے چیئرمین کلائیو لائیڈ نے کہا کہ یہ سال ایک روزہ کرکٹ کے لیے ایک شاندار برس ثابت ہوا۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہر کسی نے عالمی کپ میں دیکھا ہوگا کہ محدود اوورز کی طرز کی یہ کرکٹ کس قدر دلچسپ ہے۔ کرکٹ عالمی کپ 2011ء تاریخ کا بہترین عالمی کپ قرار پایا اور ممبئی کا کوئی فرد اس یادگار شام کو نہیں بھولے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک روزہ ٹیم بھارت کی کامیابی کی عکاس ہے کیونکہ اس کے چار کھلاڑی - وریندر سہواگ، یووراج سنگھ، مہندر سنگھ دھونی اور ظہیر خان – اس دستے کا حصہ بنے ہیں۔ یووراج کو عالمی کپ 2011ء میں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

پینل میں کلائیو لائیڈ کے علاوہ پاکستان کے سابق کپتان ظہیر عباس، انگلستان کے مائیک گیٹنگ، نیوزی لینڈ کے ڈینی موریسن اور جنوبی افریقہ کے سابق گیند باز پال ایڈمز شامل تھے۔

آئی سی سی کی سال کی بہترین ایک روزہ ٹیم سلیکشن پینل کی جانب سے منتخب کی جانے والی دو ٹیموں میں سے ایک ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کا اعلان گزشتہ ماہ کیا گیا تھا۔