اسٹورٹ براڈ زخمی، دورۂ بھارت سے محرومی کا خدشہ
انگلستان کے نوجوان گیند باز اسٹورٹ براڈ بھارت کے خلاف سیریز کے حتمی ایک روزہ مقابلے، ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز حتیٰ کہ دورۂ بھارت سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ وہ دائیں کندھے کے پٹھے میں تکلیف کے باعث آرام کریں گے اور بھارت میں ایک روزہ سیریز کے خاتمے کے بعد 29 اکتوبر کو کولکتہ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں شرکت کریں گے۔
کرک نامہ کے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ای سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نک پیئرس کا کہنا ہے کہ وہ دائیں کندھے کے پٹھے میں تکلیف کا شکار ہیں اور انہیں آرام اور بحالی کے لیے کچھ عرصے کے لیے کرکٹ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ ان کی صحت یابی کے دورانیے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہو سکتا تاہم ممکنہ طور پر وہ چند ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے۔
اسٹورٹ براڈ لارڈز میں بھارت کے خلاف کھیلے چوتھے ایک روزہ میچ کے دوران کندھے میں تکلیف کا شکار بنے۔ وہ اننگز کے دسویں اوور کو مکمل نہ کر پائے تھے اور بعد ازاں طبی عملے کے معائنے کے بعد اس خبر کا اعلان کیا گیا ہے۔ براڈ کیونکہ انگلستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان ہیں اس لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے مرحلے کے لیے انگلستان کو ان کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو قائد بنانا پڑے گا کیونکہ ان کے نائب ایون مورگن بھی زخمی ہونے کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔