آئی سی سی ایوارڈز 2011ء: بھارتی کرکٹ ٹیم کی عدم شرکت، آئی سی سی کا احتجاج
بین الاقوامی کرکٹ پر حکم چلانے کی عادت بھارت کو ایسی بھائی ہے کہ اس مرتبہ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو بھی گھاس نہيں ڈالی اور نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر آئی سی سی ایوارڈز 2011ء میں شرکت نہیں کی۔ بھارتی کرکٹ ٹیم نے لندن میں موجودگی کے باوجود ایوارڈز کی تقریب کا مقاطعہ کیا اور اس کے لیے عذر لنگ تراشا گیا ہے کہ اُنہیں بہت دیر سے دعوت دی گئی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے مینیجر شیو لعل یادیو نے اس حیران کن فیصلے کے لیے ایک بچکانہ عذر پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کے کمیونی کیشن آفیسر نے انہیں پیر کی دوپہر 12 بجے مطلع کیا، جب بیشتر کھلاڑی اِدھر اُدھر تھے، کوئی خریداری کے لیے اور کوئی گھومنے پھرنے کے لیے کیونکہ یہ ان کے لندن میں قیام کا آخری دن تھا۔
تاہم آئی سی سی کے کمیونی کیشن آفیسر کولن گبسن نے اس کی واضح طور پر تردید کی ہے اور کہا ہے کہ بھارتی ٹیم انتظامیہ کو تقریب میں شرکت کی دعوت کئی ہفتے قبل ہی دی گئی تھی۔ خصوصاً اعزازات کے لیے نامزد ہونے والے کھلاڑی تو 26 اگست سے جانتے ہیں، جب ان کا نام مختصر فہرستوں میں شامل کیا گیا تھا۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے تقریب میں عدم شرکت کا الزام بھارتی کرکٹ بورڈ پر دھرا ہے اور کہا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کی عدم شرکت ایک شرمناک واقعہ ہے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے زور دیا کہ انہوں نے عرصہ قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کے اس تقریب سے آگاہ کیا تھا، اور تقریب کو 12 ستمبر پر منعقد کرنے کا مقصد ہی یہی تھا کہ اس میں بھارتی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ گو کہ انگلش ٹیم نے شرکت کی لیکن بھارت کا کوئی کھلاڑی شریک نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ تقریب کے شرکاء کی بڑی تعداد بھارت کے کرکٹرز کی عدم موجودگی پر مایوس ہوئی۔ اور بھارتی ٹیم کے اس رویے اور طرز عمل کی انہیں ہر گز توقع نہیں تھی۔
ہارون لورگاٹ نے کہا کہ یہ ایک شرمناک اور مایوس کن لمحہ تھا کیونکہ چند روز قبل ہی وہ عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم تھے۔ انہوں نے ایک روزہ عالمی کپ بھی جیتا ہے۔ ان کے شائقین کی بہت بڑی تعداد موجود ہے اور لوگ ان کی شرکت کے منتظر رہے۔
بھارت کو 10 زمروں میں صرف ایک اعزاز ملا جو کپتان مہندر سنگھ دھونی نے جیتا۔ انہیں حال ہی میں انگلستان کے خلاف کھیلے گئے ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں این بیل کے رن آؤٹ تنازع کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر دیا گیا لیکن وہ یہ اعزاز حاصل کرنے کے لیے نہیں آئے گو کہ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرکٹ ٹیم آئی سی سی ایوارڈز کی تقریب کے مقام گروسوینر ہوٹل سے زیادہ دور نہيں تھی بلکہ قریبی علاقوں میں خریداری سے لطف اندوز ہو رہی تھی۔