عامر کی کلب میچ میں شرکت، آئی سی سی نے وضاحت طلب کرلی

1 1,190

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے معطل کھلاڑی محمد عامر کی جانب سے ایک کلب میچ کھیلنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ گزشتہ سال دورۂ انگلستان کے موقع پر اسپاٹ فکسنگ تنازع میں ملوث ہونے پر آئی سی سی محمد عامر پر ہر سطح کی کرکٹ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر چکا ہے۔

فاسٹ بالر محمد عامر
فاسٹ بالر محمد عامر

معلوم ہوا ہے کہ عامر نے پیر کے روز راولپنڈی میں ایک میچ میں حصہ لیا تھا حالانکہ یہ مقابلہ کوئی باضابطہ نہیں تھا بلکہ مقامی ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ تھا لیکن آئی سی سی کا انسداد بد عنوانی کے قانون کے تحت پاکستان کے تینوں معطل کھلاڑی سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف کلب سطح کے کسی مقابلے میں بھی حصہ نہیں لے سکتے اگر وہ کلب پاکستان کرکٹ بورڈ سے ملحقہ مقامی کرکٹ باڈی سے رجسٹرڈ ہو۔ تاہم یہ بات واضح ہے کہ عامر نے جس کلب کی جانب سے میچ کھیلا وہ راولپنڈی کرکٹ ایسوسی ایشن سے منسلک نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان ندیم سرور نے کہا ہے کہ یہ واقعہ بورڈ کے علم میں آیا ہے اور وہ اس معاملےکی تحقیقات کر رہے ہیں۔

فی الوقت ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستانی حکام سے محض تفصیلات طلب کی ہیں تاکہ وہ معلوم کر سکے کہ اس کے قانون کی خلاف ورزی تو نہیں ہوئی ہے۔

دوسری جانب محمد عامر نے کہا ہے کہ ان کا مقصد آئی سی سی ٹریبونل کے احکامات کی خلاف ورزی کرنا نہیں تھا اور جو کچھ ہوا وہ غلط فہمی کی وجہ سے ہوا۔ 18 سالہ گیند باز نے کہا کہ یہ ایک دوستانہ میچ تھا اور پی سی بی کے زیر انتظام نہیں تھا، اگر یہ آئی سی سی احکامات کی خلاف ورزی ہے تو یہ غلط فہمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کے دورۂ انگلستان میں لارڈز ٹیسٹ کے دوران جان بوجھ کر نو بالز کرانے کے الزام میں پاکستان کے اس وقت کے کپتان سلمان بٹ اور نو بالز کرانے والے باؤلرز محمد آصف اور محمد عامر اس وقت مکمل پابندی کا شکار ہیں اور گزشتہ ماہ ان تینوں کھلاڑیوں کا مقدمہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آئی سی سی کے انسداد بد عنوانی کے ٹریبونل نے سنا۔ ٹریبونل اپنا حتمی فیصلہ 5فروری کو سنائے گا۔