پی سی بی پر قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی کراچی منتقلی کے لیے دباؤ
پاکستان کرکٹ بورڈ پر قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کو لاہور سے منتقل کرنے کے لیے شدید دباؤ ہے اور امکان ہے کہ بورڈ ایک دو روز میں ٹورنامنٹ کی لاہور سے کراچی منتقلی کا اعلان کر دے۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے آج (منگل کو) پاکستان کرکٹ کی اعلیٰ ترین شخصیات سے ملاقات کی جنہوں نے لاہور میں ڈینگی بخار کے وبائی صورت اختیار کر جانے کے باعث مطالبہ کیا تھا کہ اسے کراچی منتقل کیا جائے تاکہ کسی کھلاڑی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ اس کے علاوہ ان شخصیات نے یہ بھی مطالبہ کیا تھاکہ سندھ کے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے اس ٹورنامنٹ کو یا کسی مخصوص میچ کو استعمال کیا جا سکتا ہے جس کی کامیابی کے امکانات کراچی میں زیادہ ہیں۔
پیٹرن اِن چیف و صدر مملکت آصف علی زرداری نے اِس مطالبے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کا بغور جائزہ لیا۔ گو کہ اعجاز بٹ مصر رہے کہ تمام تر انتظامات مکمل ہونے کے باعث ٹورنامنٹ کو منتقل کرنا مشکل ہے تاہم انہوں نے اس پر خصوصی اجلاس میں غور و خوض کے بعد فیصلہ کرنے کا کہا۔
اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اس امر کے واضح امکانات موجود ہیں کہ بورڈ ٹورنامنٹ کی کراچی منتقلی کا اعلان کر دے، تاہم عین وقت پر مقام کی تبدیلی کے باعث ٹورنامنٹ کے چند روز سے تاخیر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق رواں ماہ کی 25 تاریخ سے شروع ہونا ہے جس میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم بھی شامل ہے۔