فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی 2011ء ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول

3 1,018

پاکستان کرکٹ بورڈ اور فیصل بینک لمیٹڈ کے اشتراک سے رواں ماہ شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے. کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 ستمبر سے 2 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں 14 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم بھی شامل ہے. ان 14 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے. گروپ اے اور بی میں چار، چار جبکہ گروپ سی اور ڈی میں تین، تین ٹیموں کو رکھا گیا ہے. ٹورنامنٹ میں کراچی اور لاہور کی دو، دو ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں.

Faisal Bank T20 2011گروپ مرحلے کے دوران ایک دن میں تین مقابلے بالترتیب دو پہر 12 بجے، شام 4 بجے اور رات 8 بجے سے کھیلے جائیں گے. چاروں گروپس میں سے بہترین کارکردگی دکھانے والی ایک ، ایک ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرے گی جن کے مابین مقابلے یکم اکتوبر کو ہوں گے. سیمی فائنل کی فاتح ٹیموں کے درمیان ٹرافی کے لیے حتمی معرکہ کا آغاز 2 اکتوبر کو رات 7 بجے ہوگا. ٹورنامنٹ کے نمایاں اسپانسر فیصل بینک لمیٹڈ کی جانب سے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 25 لاکھ جبکہ رنرز اپ رہنے والی ٹیم کے لیے 10 لاکھ انعامی رقم دی جائے گی.

اعلان کردہ شیڈول میں ٹورنامنٹ کی واحد غیر ملکی ٹیم 'افغان چیتاز' کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے جس میں راولپنڈی ریمز کے ساتھ ملتان ٹائیگرز اور فیصل آباد وولفز کی ٹیمیں شامل ہیں. گروپ اے میں لاہور ایگلز کے ہمراہ کراچی زیبراز، ایبٹ آباد فیلکنز اور کوئٹہ بیئرز کی ٹیمیں ہیں. گروپ سی میں شامل تین ٹیمیں دفاعی چیمپیئن لاہور لائینز، سیالکوٹ اسٹالینز اور حیدر آباد ہاکس ہیں جبکہ گروپ ڈی کراچی ڈولفنز، اسلام آباد لیپرڈز اور پشاور پینتھرز کی ٹیموں پر مشتمل ہے.

گزشتہ دنوں اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حوالے سے خبریں گرم رہیں جن کا اختتام آج صبح پی سی کے حتمی اعلامیہ سے ہوا جس میں پی سی بی نے ڈینگی کی وباء اور سابق و موجودہ کھلاڑیوں کی جانب سے فنڈ ریزنگ کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کو کراچی منتقل کرنے کا اعلان کیا. اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ راولپنڈی و اسلام آباد میں منعقد ہونا قرار پایا تھا تاہم گزشتہ ماہ پی سی بی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو کسی بھی ٹورنامنٹ کے لیے غیر موزوں قرار دیتے ہوئے ٹورنامنٹ کی میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کو سونپی تھی.

پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے خاص بات اس ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کے کئی ستاروں کی شرکت ہے. ان میں سابق کپتان شاہد آفریدی (کراچی ڈولفنز)، قومی ٹیم کے موجودہ قائد مصباح الحق (فیصل آباد وولفز)، یونس خان (کراچی زیبراز)، محمد حفیظ (فیصل آباد وولفز)، عبدالرزاق (لاہور لائینز)، شعیب ملک (سیالکوٹ اسٹالینز)، اکمل برادران (لاہور لائینز)، محمد یوسف (لاہور لائینز)، عمر گل (پشاور پینتھرز)، سہیل تنویر (راولپنڈی ریمز)، عمران نذیر (سیالکوٹ اسٹالینز) سعید اجمل (فیصل آباد وولفز) اور عظیم گھمن (حیدرآباد ہاکس) جیسے نامور کھلاڑی شامل ہیں.

فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2011ء کا مکمل شیڈول

تاریخ و دن ٹیمیں
25 ستمبر 2011ء بروز اتوار  ایبٹ آباد فیلکنز  بمقابلہ  کوئٹہ بیئرز
 لاہور لائینز  بمقابلہ  حیدرآباد ہاکس
لاہور ایگلز بمقابلہ کراچی زیبراز
26 ستمبر 2011ء بروز پیر سیالکوٹ اسٹالینز بمقابلہ حیدرآباد ہاکس
کراچی زیبراز بمقابلہ کوئٹہ بیئرز
لاہور ایگلز بمقابلہ ایبٹ آباد بیئرز
27 ستمبر 2011ء بروز منگل لاہور ایگلز بمقابلہ کوئٹہ بیئرز
کراچی زیبراز بمقابلہ ایبٹ آباد فیلکنز
لاہور لائینز بمقابلہ سیالکوٹ اسٹالینز
28 ستمبر 2011ء بروز بدھ اسلام آباد لیپرڈز بمقابلہ پشاور پینتھرز
فیصل آباد وولفز بمقابلہ ملتان ٹائیگرز
راولپنڈی ریمز بمقابلہ افغان چیتاز
29 ستمبر 2011ء بروز جمعرات راولپنڈی ریمز بمقابلہ ملتان ٹائیگرز
فیصل آباد وولفز بمقابلہ افغان چیتاز
کراچی ڈولفنز بمقابلہ اسلام آباد لیپرڈز
30 ستمبر 2011ء بروز جمعہ ملتان ٹائیگرز بمقابلہ افغان چیتاز
راولپنڈی ریمز بمقابلہ فیصل آباد وولفز
کراچی ڈولفنز بمقابلہ پشاور پینتھرز
پہلا سیمی فائنل: یکم اکتوبر 2011ء بروز ہفتہ بہترین ٹیم (گروپ اے) بمقابلہ بہترین ٹیم (گروپ سی)
 دوسرا سیمی فائنل: یکم اکتوبر 2011ء بروز ہفتہ بہترین ٹیم (گروپ بی) بمقابلہ بہترین ٹیم (گروپ ڈی)
 فائنل مقابلہ: 2 اکتوبر 2011ء بروز اتوار فاتح ٹیم (پہلا سیمی فائنل) بمقابلہ فاتح ٹیم (دوسرا سیمی فائنل)