دورۂ بنگلہ دیش کے لیے ویسٹ انڈین دستے کا اعلان، کرس گیل شامل نہیں

1 1,002

ویسٹ انڈیز نے دورۂ بنگلہ دیش کے لیے ٹیسٹ اورایک روزہ بین لاقوامی مقابلوں کے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں کرس گیل، رامنریش سروان اور ڈیوین براوو جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل نہیں ہیں۔

کرس گیل عالمی کپ 2011ء کے بعد سے ویسٹ انڈیز کی نمائندگی نہیں کر پائے
کرس گیل عالمی کپ 2011ء کے بعد سے ویسٹ انڈیز کی نمائندگی نہیں کر پائے

شعلہ فشاں بلے باز کرس گیل عالمی کپ 2011ء کے بعد سے ویسٹ انڈیز کی نمائندگی نہیں کر پائے اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ساتھ ان کے تعلقات بہت زیادہ کشیدہ چل رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ متعدد ملاقاتوں میں تصفیہ کی کوششوں کے باوجود وہ ٹیم میں واپس نہیں آ پائے۔ گو کہ کارکردگی کے لحاظ سے وہ بھرپور فارم میں ہیں اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں انہی کی شاندار بلے بازی کے سبب رائل چیلنجز بنگلور کی ٹیم فائنل تک پہنچی۔

دوسری جانب منتخب نہ ہونے والے کھلاڑیوں میں سروان کو ان کے زخمی ہونے کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ براوو کے منتخب نہ ہونے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں گو کہ یہ سمجھا جا رہا ہے کہ ٹیم کے انتخاب کے لیے زیر غور کھلاڑیوں میں ان کا نام بھی شامل تھا۔ شیونرائن چندرپال ٹیسٹ دستے میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

دورۂ بنگلہ دیش میں ویسٹ انڈیز ایک ٹی ٹوئنٹی، تین ایک روزہ بین الاقوامی اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔ دورے کا باضابطہ آغاز 11 اکتوبر کو ڈھاکہ میں واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلےسے ہوگا جس کے بعد ایک روزہ مرحلہ ہوگا۔ اعلان کردہ دستے ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

ایک روزہ/ٹی ٹوئنٹی دستہ:

ڈیرن سیمی (کپتان)، انتھونی مارٹن، آندرے رسل، ایڈرین بارتھ، دنیش رام دین، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، ڈینزا ہیاٹ، روی رامپال، کارلوس براتھویٹ، کیرن پاول، کیرون پولارڈ، کیمار روچ، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔

ٹیسٹ دستہ:

ڈیرن سیمی (کپتان)، ایڈرین بارتھ، دنیش رام دین، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، روی رامپال، شین شلنگ فورڈ، شیونرائن چندرپال، فیڈل ایڈورڈز، کارلٹن با، کرک ایڈورڈز، کریگ براتھویٹ، کیرن پاول، کیمار روچ اور مارلون سیموئلز۔