انگلستان پہنچتے ہی ویسٹ انڈیز کو 10 توپوں کی سلامی، پہلا ٹی ٹوئنٹی میزبان کے نام

1 1,038

انگلستان نے کھیل کے تمام شعبوں میں اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں با آسانی 10 وکٹوں سے زیر کر لیا۔یوں تمام طرز کی کرکٹ میں انگلستان کی فتوحات کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ناقص فارم کے باعث ان پر شکست کے سائے مزید گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔

روی بوپارا کی عمدہ گیند بازی نے انگلش فتح کی بنیاد رکھی (تصویر: Getty Images)
روی بوپارا کی عمدہ گیند بازی نے انگلش فتح کی بنیاد رکھی (تصویر: Getty Images)

ویسٹ انڈین ٹیم جو 2 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلنے کے لیے انگلش سرزمین پر موجود ہے،دورے کے پہلے ہی مرحلے میں انگلستان کی بھرپور فارم کے سامنے نہ ٹھیر سکی اور نہ صرف بلے بازی میں مکمل طور پر ناکام ہوئی بلکہ گیند بازی میں بھی کوئی کارِ نمایاں انجام نہ دے سکی اور بغیر کسی مزاحمت کے فتح کو انگلستان کی جھولی میں ڈال دیا۔ یہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں انگلستان کی پہلی 10 وکٹوں کی فتح تھی۔

اوول کے تاریخی میدان میں ٹاس ہارنے کے بعد ملنے والی بیٹنگ کی دعوت پر ویسٹ انڈین اوپنرز نے پہلے 6 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 51 رنز فراہم کر کے ویسٹ انڈیز کو اچھا آغاز دیا لیکن نوجوان ٹیم اِن فارم انگلستان کی حتمی ضربیں نہ سہ سکی۔ 14 ویں اوور میں جب ویسٹ انڈیز کا اسکور 97 پر 2 کھلاڑی آؤٹ تھا تو اس کے آگے بڑھنے کے امکانات موجود تھے لیکن روی بوپارا کے تباہ کن اسپیل نے ویسٹ انڈین لائن اپ کی دھجیاں بکھیر دیں۔ بوپارا نے 3.4 اوورز میں محض 10 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلستان نے نہ صرف باؤلنگ میں نظم و ضبط دکھایا بلکہ اہم مرحلے پر دو کھلاڑیوں کو رن آؤٹ کر کے فیلڈنگ میں بھی اپنا لوہا منوایا اور یوں ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں محض 125 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ ویسٹ انڈیز کی آخری 7 وکٹیں اسکور میں صرف 28 رنز کا اضافہ کر پائیں۔ یوں ایک اچھے آغاز کا مایوس کن انجام ہوا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپنر جانسن چارلس نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے جبکہ ڈیوین اسمتھ نے 33 اور ڈینزا ہیاٹ نے 28 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز اپنی اننگز دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ کر سکا۔

بوپارا کی 4 وکٹوں کے علاوہ سمیت پٹیل نے 2 جبکہ جیڈ ڈرنباخ اور گریم سوان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ بوپارا کی باؤلنگ ٹی ٹوئنٹی میں کسی بھی انگلش باؤلر سب سے عمدہ کارکردگی ہے۔

ایلکس ہیلز انگلستان کی جوابی اننگز میں نمایاں ترین بلے باز رہے (تصویر: Getty Images)
ایلکس ہیلز انگلستان کی جوابی اننگز میں نمایاں ترین بلے باز رہے (تصویر: Getty Images)

جواب میں انگلستان نے تباہ کن آغاز کیا اور اوپنرز ایلکس ہیلز اور کریگ کیزویٹر نے مہمان باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور اُن کی ایک نہ چلنے دی۔ انگلستان نے مطلوبہ ہدف 16 ویں اوور ہی میں حاصل کر لیا اور وہ بھی بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے۔ ہیلز 48 گیندوں پر 62 اور کیزویٹر 49 گیندوں پر 58 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ ہیلز کی اننگز میں ایک چھکا اور 8 چوکے جبکہ کیزویٹر کی اننگز میں 2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ دونوں کے درمیان ہونے والی 128 رنز کی شراکت کسی بھی وکٹ پر انگلستان کی سب سے بڑی شراکت رہی۔

اس مقابلے میں دونوں طرف سے کئی کھلاڑیوں نے اپنے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز کیا۔ جن میں انگلستان کی جانب سے جانی بیئرسٹو، اسٹیون فن اور بین اسٹوکس جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اینکروما بونر، جانسن چارلس اور ڈرون کرسچن شامل تھے۔ انگلستان اپنے ٹی ٹوئنٹی کپتان اور نائب کپتان اسٹورٹ براڈ اور ایون مورگن کی خدمات سے محروم تھا اس لیے قیادت کے فرائض اسپنر گریم سوان نے انجام دیے۔

روی بوپارا کو شاندار گیند بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیمیں اب 25 ستمبر کو اوول کے میدان ہی میں دوسرا و آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گی۔

انگلستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز: پہلا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ

(بتاریخ: 23 ستمبر 2011ء بمقام: اوول، لندن)

نتیجہ: انگلستان 10 وکٹوں سے کامیاب

بہترین کھلاڑی: روی بوپارا (انگلستان)

ویسٹ انڈیز رنز گیندیں چوکے چھکے
جانسن چارلس  ک فن ب پٹیل  36  39  3  1
ڈیوین اسمتھ  ب پٹیل  33  21  3  2
مارلون سیموئلز  ب سوان  4  7  0  0
ڈینزا ہیاٹ  ب بوپارا  28  26  1  2
اینکروما بونر  ب بوپارا  3  5  0  0
کرسٹوفر بارنویل  ک کیزویٹر ب بوپارا  0  1  0  0
آندرے رسل  رن آؤٹ (اسٹوکس/بوپارا)  6  6  1  0
ڈیروِن کرسچن  ب ڈرنباخ  0  2  0  0
ڈیرن سیمی  ک بیئرسٹو ب بوپارا  5  6  0  0
دیوندر بشو  رن آؤٹ (بٹلر)  0  1  0  0
فیڈل ایڈورڈز  ناٹ آؤٹ  7  4  1  0
فاضل رنز  و 3  3
مجموعہ 19.4 میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 125

 

انگلستان (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
ٹم بریسنن  2  0  26  0
اسٹیون فن  2  0  16  0
جیڈ ڈرنباخ  4  0  20  1
سمیت پٹیل  4  0  23  2
گریم سوان  4  0  30  1
روی بوپارا  3.4  0  10  4

 

انگلستان رنز گیندیں چوکے چھکے
ایلکس ہیلز  ناٹ آؤٹ  62  48  8  1
کریگ کیزویٹر  ناٹ آؤٹ  58  49  3  2
فاضل رنز  و 3، ن ب 5  8
مجموعہ 15.2 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 128

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
 ڈیرن سیمی  3  0  20  0
 فیڈل ایڈورڈز  2  0  25  0
 آندرے رسل  2  0  21  0
 دیوندر بشو  4  0  28  0
 کرسٹوفر بارنویل  2  0  12  0
 اینکروما بونر  2  0  18  0
ڈیوین اسمتھ  0.2  0  4  0