پاکستان کی کوچنگ کے امیدوار؛ عاقب، قادر، اعجاز اور ڈین جونز

1 1,020

پاکستان نے نئے کوچ کے لیے جن امیدواروں کو حتمی فہرست میں شامل کیا ان میں اعجاز احمد، عبد القادر اور عاقب جاوید کے علاوہ آسٹریلیا کے ڈین جونز بھی شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کے لیے 5 حتمی امیدواروں کا فیصلہ کیا تاہم ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے پرزور اصرار کے باوجود کوچ تلاش کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم نے حتمی نام ظاہر نہیں کیے لیکن ان کا کہنا تھا کہ فہرست میں ملکی و غیر ملکی دونوں امیدوار شامل ہیں۔

ڈین جونز حتمی فہرست میں شامل واحد غیر ملکی امیدوار ہیں (تصویر: Getty Images)
ڈین جونز حتمی فہرست میں شامل واحد غیر ملکی امیدوار ہیں (تصویر: Getty Images)

لیکن کرک نامہ کو باوثوق ذرائع سے علم ہوا ہے کہ عاقب جاوید، عبد القادر اور اعجاز احمد جیسے مضبوط ملکی امیدواروں کے علاوہ آسٹریلیا کے سابق بلے باز ڈین جونز بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

عاقب جاوید، عبد القادر اور اعجاز احمد کے ناموں سے تو پہلے ہی کرک نامہ اپنے قارئین کو آگاہ کر چکا ہے کہ یہ تینوں قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں لیکن آج جو فہرست پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کو ارسال کی گئی ہے اس میں ڈین جونز کی شمولیت ایک نیا انکشاف ہے۔ تاہم باوجود کوشش کے پانچویں امیدوار کا نام معلوم نہیں ہو سکا۔

جمعرات کو کراچی میں منعقدہ اجلاس کے بعد کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو مقررہ تاریخ تک کل 37 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 12 غیر ملکی کوچز بھی شامل ہیں۔ ان امیدواروں پر غور و خوض کے بعد کمیٹی نے 5 حتمی امیدواروں کی فہرست مرتب کی ہے جو جلد ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کو پیش کی جائے گی۔

1987ء کے عالمی کپ فاتح آسٹریلوی دستے کے رکن 50 سالہ ڈین جونز 2005ء میں بھارت کی قومی کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے کے لیے بھی امیدوار رہ چکے ہیں تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ نے ان کے ہم وطن گریگ چیپل کو منتخب کیا تھا۔

1984ء سے 1994ء تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے والے ڈین جونز معروف کرکٹ کمنٹیٹر اور کوچ ہیں اور آسٹریلیا کی تاریخ کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

دوسرے امیدواروں میں سابق گیند باز اور گزشتہ 10 سالوں سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مختلف عہدوں میں وابستہ عاقب جاوید بھی ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس وقت قومی کرکٹ کوچ کے لیے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔ ان کے علاوہ سابق اسپنر اور چیف سلیکٹر عبد القادر بھی کرکٹ کوچ بننے کے خواہاں ہیں۔ تیسرا نام سابق بلے باز اعجاز احمد کا ہے جو اس وقت بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ قومی کرکٹ ٹیم سے وابستہ ہیں اور پاکستان انڈر 19 کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ 2 اکتوبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی نظر کرم کس امیدوار پر ٹھیرتی ہے۔