بوم بوم؛ کراچی ڈولفنز نے اسلام آباد لیپرڈز کو کچل دیا

1 1,133

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء میں کراچی ڈولفنز نے زبردست آغاز کرتے ہوئے اسلام آباد لیپرڈز کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کی خاص بات کراچی کے کپتان شاہد خان آفریدی کی زبردست آل راؤنڈ کارکردگی تھی جنہوں نے نہ صرف 20 رنز دے کر 3 حریف کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا بلکہ 32 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ و فتح گر اننگز بھی کھیلی۔

کراچی کے عوام مقامی ٹیم کی کارکردگی کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں نیشنل اسٹیڈیم آئے (تصویر: Faysal Cricket)
کراچی کے عوام مقامی ٹیم کی کارکردگی کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں نیشنل اسٹیڈیم آئے (تصویر: Faysal Cricket)

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں، جہاں اب تک کسی بھی مقابلے میں خاطر خواہ تماشائیوں نے میدان کا رخ نہیں کیا تھا، بہت بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ دکھائی دیے جنہوں نے کراچی کی زبردست کارکردگی کا خوب لطف اٹھایا۔ خصوصاً شاہد آفریدی کی کارکردگی سے حاضرین بہت محظوظ ہوئے۔

جمعرات کو کھیلے گئے گروپ 'ڈی' کے مقابلے میں اسلام آباد لیپرڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ابتدائی بلے بازوں کی کوشش کے باوجود وہ اسکور بورڈ پر کوئی قابل ذکر مجموعہ اکٹھا نہیں کر پایا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر محض 131 رنز بنا سکا۔ اوپنر آفاق رحیم 22 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ معید احمد نے 21 اور نعمان مسعود نے 20 رنز بنائے۔ کراچی ڈولفنز کی جانب سے کپتان شاہد آفریدی سب سے نمایاں گیند باز رہے جنہوں نے 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فواد عالم، محمد سمیع اور فراز احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کراچی ڈولفنز نے انتہائی تیز رفتاری سے 132 کے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا لیکن 36 کے مجموعی اسکور پر اپنی ایک وکٹ گنوا بیٹھے جب اوپنر شاہزیب حسن 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد کپتان شاہد آفریدی، جو اوپنر کی حیثیت سے میدان میں اترے تھے، نے رمیز راجہ کے ساتھ مل کر اسکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا اور یوں کراچی کے لیے ایک آسان فتح کی بنیاد رکھی۔ شاہد آفریدی نے محض 32 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور 106 کے مجموعی اسکور پر رضوان ملک کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

رمیز راجہ 30 گیندوں پر 36 اور اسد شفیق 9 گیندوں پر 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور14 ویں اوور ہی میں کراچی کو منزل تک پہنچا دیا۔
اسلام آباد لیپرڈز کی جانب سے زوہیب احمد اور رضوان ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شاہد آفریدی نے اسلام آباد کے باؤلنگ اٹیک کو آڑے ہاتھوں لیا (تصویر: Faysal Cricket)
شاہد آفریدی نے اسلام آباد کے باؤلنگ اٹیک کو آڑے ہاتھوں لیا (تصویر: Faysal Cricket)

شاہد آفریدی کوشاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کراچی ڈولفنز کا اپنا اگلا مقابلہ آج (جمعہ کو) پشاور پینتھرز کے خلاف کھیلے گا جبکہ اسلام آباد لیپرڈز کے لیے ٹورنامنٹ کا سفر یہیں تمام ہوا۔ اسے گروپ میں کھیلے گئے دونوں میچز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔کراچی و پشاور کا معرکہ بھی کوارٹر فائنل کا درجہ رکھتا ہے جس میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔

اسکور کارڈ کچھ دیر میں ملاحظہ کریں