آل راؤنڈ شعیب ملک نے سیالکوٹ کو فائنل تک پہنچا دیا

1 1,015

شعیب ملک نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے نہ صرف سیالکوٹ اسٹالینز کو ایک مرتبہ پھر قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل تک پہنچا دیا بلکہ اپنی بھرپور فارم سے ناقدین کے منہ بھی بند کر دیے۔ سیالکوٹ اسٹالینز اتوار کو راولپنڈی ریمز کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل کھیلے گا۔

ہفتہ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء کے پہلے سیمی فائنل میں شعیب ملک کی دو وکٹوں، ایک کیچ اور بعد ازاں 88 ناقابل شکست رنز نے سیالکوٹ کی فتح کی راہ کو ہموار کیا۔ گو کہ سیالکوٹ 168 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں محض 9 رنز پر اپنے دونوں اوپنرز سے محروم ہو چکا تھا جب جنید ضیاء نے اپنے پہلے دونوں اوورز میں حریف ٹیم کے اوپنرز کو پویلین پہنچا کر سنسنی پھیلا دی تھی لیکن تیسری وکٹ پر کپتان شعیب ملک اور شاہد یوسف کے درمیان 127 رنز کی فتح گر شراکت نے میچ کے لاہور ایگلز کے پنجوں سے چھین لیا۔

شعیب ملک نے 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے محض 49 گیندوں کا سامنا کر کے 88 رنز بنائے اور ٹیم کو منزل تک پہنچا کر دم لیا جبکہ شاہد یوسف بدقسمتی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 49 رنز بنا کر جنید ضیاء کا تیسرا شکار بنے۔ ان کی اننگز 44 گیندوں پر مشتمل اور 5 چوکوں سے مزین تھی۔ سیالکوٹ نے 19 ویں اوور میں محض 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف کو حاصل کر لیا اور ایک مرتبہ پھر قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس سے قبل ریکارڈ سیالکوٹ 5 مرتبہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ جیت چکا ہے اور اِس مرتبہ گزشتہ سال کے فاتح لاہور لائنز کو زیر کر کے سیمی فائنل تک پہنچا تھا۔

لاہور ایگلز کی جانب سے جنید ضیاء نے 3 جبکہ مصطفیٰ اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں لاہور ایگلز کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اوپنرز عمران فرحت اور توفیق عمر نے محض 8 اوورز میں 86 رنز کی شراکت داری قائم کر کے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر دکھایا لیکن 121 کے مجموعی اسکور تک جیسے ہی دونوں اوپنرز پویلین لوٹے لاہور ایگلز کی اننگز لڑکھڑا گئی اور آنے والے بلے باز اوپنرز کی کارکردگی کو دہرانے میں ناکام رہے۔ اوپنرز میں عمران فرحت نے محض 44 گیندوں پر ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ توفیق عمر نے 20 گیندوں پر 33 رنز بنائے جس میں 6 چوکے بھی شامل تھے۔ مڈل آرڈر میں صرف علی عظمت 18 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے باز رانا نوید الحسن اور شعیب ملک کی عمدہ باؤلنگ اور سیالکوٹ کی شاندار فیلڈنگ کی نظر ہو گئے۔ سیالکوٹ نے چار حریف بلے بازوں کو رن آؤٹ کر کے اپنے گیند بازوں کا بھرپور ساتھ دیا۔

سیالکوٹ کی جانب سے شعیب ملک اور رانا نوید الحسن نے 2،2 جبکہ رضا حسن اور عبد الرحمن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شعیب ملک کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیمی فائنل جیتنے کے بعد اب سیالکوٹ اسٹالینز اتوار کو فائنل میں راولپنڈی ریمز کا مقابلہ کرے گا جس نے دوسرے سیمی فائنل میں پشاور پینتھرز کو زیر کیا۔ 5 مرتبہ کے قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن اسٹالینز اور رواں سال کے سپر 8 فاتح ریمز کے درمیان کراچی میں ایک شاندار مقابلے کی توقع ہے۔