اعجاز بٹ کو ہٹانے اور ڈین جونز کو کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ، اعلان جلد متوقع

3 1,050

اعجاز بٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی حیثیت سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کے خبری چینل 'وقت نیوز' کے مطابق اعجاز بٹ کی خدمات سے مزید استفادہ نہیں کیا جائے گا۔ اُن کے عہدے کی توسیع شدہ میعاد رواں ماہ کی 8 تاریخ کو ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد ممکنہ طور پر نیشنل بینک کے سابق صدر علی رضا کو قومی کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ مقرر کیا جائے گا۔

اعجاز بٹ کے تین سالہ دور کا خاتمہ ہو رہا ہے
اعجاز بٹ کے تین سالہ دور کا خاتمہ ہو رہا ہے

گو کہ گزشتہ ماہ ایوان صدر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن اِن چیف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے موقع پر اعجاز بٹ نے اپنے عہدے کی میعاد میں توسیع کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اس سلسلے میں ان کی جانب سے درخواست جمع کرائے جانے کی تصدیق ایوانِ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بھی تصدیق کی تھی، لیکن مثبت جواب نہ ملنے پر اب اعجاز بٹ عہدے پر مزید کام میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

اعجاز بٹ کے خلاف کرکٹ سے وابستہ اہم شخصیات اور ان کے قریبی رفقاء کی شکایات کے باعث کارروائی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے عبوری کوچ کے بجائے طویل المیعاد اور مستقل بنیادوں پر تقرری کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈین جونز کو ذمہ داری سونپنے کا امکان ہے۔ ڈین جونز کے مدمقابل عاقب جاوید کو باؤلنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

قومی کوچ کی تقرری کے حوالے سے ڈین جونز کے ساتھ بات چیت آخری مرحلے میں ہے اور نئے چیئرمین اور کوچ کے معاملات آئندہ دو سے تین روز میں حتمی شکل پا جائیں گے اور ان کا اعلان کر دیا جائے گا۔

اعجاز بٹ کو 8 اکتوبر 2008ء کو دو سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا اور گزشتہ سال ان کی میعاد میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی تھی۔

دوسری جانب وقار یونس کے استعفے کے بعد اب قومی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا اور انگلستان کے خلاف دو اہم سیریز کے لیے نئے کوچ کی ضرورت ہے اور اس مرتبہ نظر انتخاب ایک مرتبہ پھر غیر ملکی کوچ پر پڑ رہی ہے۔ پاکستان کے آخری غیر ملکی کوچ آسٹریلیا ہی کے جیف لاسن تھے جنہیں بٹ نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالتے ہی فارغ کر دیا تھا۔