ناتھن بریکن نے ریٹائرمنٹ لے لی
عالمی نمبر ایک آسٹریلوی باؤلر ناتھن بریکن نے دنیائے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ بریکن نے آخری مرتبہ دو سال قبل آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی اور اس کے بعد سے گھٹنے کی شدید انجری کا شکار تھے۔
بریکن نے 11 جنوری 2001ء کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ملبورن کے تاریخی میدان میں اپنے ایک روزہ کیریئر کا آغاز کیا اور 17 ستمبر 2009ء کو انگلستان کے خلاف ناٹنگھم میں اپنا آخری میچ کھیلا۔ بائیں ہاتھ سے تیز گیند پھینکنے والے بریکن آسٹریلیا کے ایک روزہ اسکواڈ کا لازمی جزو تھے البتہ انہیں ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بہت کم مواقع ملے۔ 33 سالہ بریکن نے 116 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور 174 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں محض 5 ٹیسٹ میچز ہی میں ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ جس میں انہوں نے 12 وکٹیں حاصل کیں۔
ناتھن بریکن 2007ء میں ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے عالمی کپ جیتنے والے آسٹریلوی دستے کا حصہ تھے جس نے بغیر کوئی میچ ہارے ایک یادگار ٹورنامنٹ جیتا۔ 2008ء میں ناتھن بریکن آئی سی سی کی ایک روزہ ٹیم کی عالمی ٹیم کا حصہ بنائے گئے جس کے ایک سال بعد انہیں آسٹریلیا کی جانب سے سال کا بہترین ون ڈے پلیئر قرار دیا گیا۔
گھٹنے کی شدید انجری اور آپریشن سے مکمل بحالی میں ناکامی نے آسٹریلیا کو ناتھن بریکن کی صورت میں دستیاب ایک بہترین باؤلر سے محروم کر دیا۔