قائد اعظم ٹرافی کے لیے تربیتی سیشن، کراچی وائٹس کے 6 کھلاڑیوں کی جانب سے بائیکاٹ
کراچی وائٹس کے چھ کھلاڑیوں نے قائد اعظم ٹرافی کے لیے منعقدہ تربیتی سیشن میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع نے کرک نامہ کو بتایا ہے کہ ان کھلاڑیوں کو شکوہ ہے کہ انہیں حال ہی میں مکمل ہونے والے فیصل بینک ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء میں مناسب مواقع نہیں دیے گئے۔ کھلاڑیوں میں محمد سمیع، تنویر احمد، شاہ زیب حسن، خالد لطیف، وجیہ الدین اور اعظم حسین شامل ہیں جن کا کہنا ہے کہ اگر انہیں آئندہ کے لیے یقین دہانی نہیں کروائی گئی تو وہ قائد اعظم ٹرافی کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔
ان میں سے 4 کھلاڑی محمد سمیع، تنویر احمد، شاہ زیب حسن اور خالد لطیف تو بین الاقوامی سطح پر پر پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں جبکہ محمد سمیع 35 ٹیسٹ اور 83 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
آخری مرتبہ 2001-02ء میں قائد اعظم ٹرافی جیتنے والی کراچی وائٹس کی نمائندگی کرنے والے یہ کھلاڑی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کراچی زیبراز اور کراچی ڈولفنز کی نمائندگی کر رہے تھے۔