فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم

2 1,081

فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم بھارت کے دارالحکومت دہلی کا معروف میدان جو سلطنت دہلی کے مشہور حکمران فیروز شاہ تغلق سے موسوم ہے۔ اسے 1883ء میں کرکٹ میدان بنایا گیا۔ اس میدان پر پہلا ٹیسٹ میچ 10 نومبر 1948ء کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا جبکہ پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 15 ستمبر 1982ء میں بھارت اور سری لنکا کے مابین کھلا گیا۔

48 ہزار سے زائد تماشائیوں کی گنجائش کا حامل یہ میدان دہلی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی ملکیت ہے اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی ڈیئر ڈیولز کا گھر ہے۔ فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم 1987ء اور 1996ء میں بھی عالمی کپ کے میچز کی میزبانی کر چکا ہے اور اب رواں ماہ شروع ہونے والی عالمی کپ 2011ء میں بھی اسے تیسری بار یہ اعزاز ملے گا۔

یادگار لمحات

اس میدان سے بھارت کی کئی یادیں وابستہ ہیں خصوصاً 1999ء میں پاکستان کے خلاف انیل کمبلے کا ایک اننگ میں تمام کی تمام دس وکٹیں حاصل کرنا، جو ٹیسٹ کرکٹ تاریخ میں محض دوسرا موقع تھا جب کوئی باؤلر تمام وکٹیں لینے میں کامیاب ہوا ہو۔

علاوہ ازیں 1952ء میں پاکستان کے خلاف ہیمو ادھیکاری اور غلام احمد کی دسویں وکٹ پر 109 رنز کی ریکارڈ شراکت داری بھی اس میدان سے وابستہ ہے۔ یہ ریکارڈ آج بھی قائم ہے۔

1965 ء میں بھارت نے وینکٹ راگھون کی نیوزی لینڈ کے خلاف تباہ کن باؤلنگ اور 1969ء میں بشن سنگھ بیدی اور ایراپالی پرسنا کی باؤلنگ کے نتیجے میں آسٹریلیا کے خلاف یادگار فتح بھی اسی میدان پر حاصل کی۔

معروف بھارتی بلے باز سنیل گواسکر نے اسی میدان پر سر ڈان بریڈمین کا سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کیا اور اسی میدان میں 2005ء میں سچن ٹنڈولکر نے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا سنیل گواسکر کا ریکارڈ توڑا۔

بھارت میں انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستان کی ٹیم کی آمد کی ہمیشہ مخالفت کی جاتی رہی ہے اور ایک مرتبہ ایسا بھی ہوا کہ فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کی پچ کھود دی گئی تاکہ پاکستان یہاں نہ کھیل سکے۔

2009ء میں سری لنکا کے خلاف ایک میچ ناقص پچ ہونے کے باعث منسوخ کرنا پڑا جس کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے قوانین کے تحت میدان پر 12 مہینے کی پابندی عائد کر دی۔ اس طرح میدان 2011ء کے عالمی کپ کی میزبانی سے محروم ہوتے ہوتے رہ گیا۔

عالمی کپ 2011ء

فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم عالمی کپ 2011ء کے موقع پر چار میچز کی میزبانی کرے گا جن میں ایک میچ میزبان اور نیدرلینڈز کے درمیان بھی کھیلا جائے گا۔

  • گروپ بی – جنوبی افریقہ بمقابلہ ویسٹ انڈیز – 24 فروری بروز جمعرات
  • گروپ بی – نیدرلینڈز بمقابلہ ویسٹ انڈیز – 28 فروری بروز پیر
  • گروپ اے – کینیڈا بمقابلہ کینیا – 7 مارچ بروز پیر
  • گروپ بی – بھارت بمقابلہ نیدرلینڈز – 9 مارچ بروز بدھ