سہیل تنویر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے
پاکستان کے تیز گیند باز تنویر کے رشتۂ ازواج میں منسلک ہو گئے۔ ان کے نکاح کی تقریب اتوار کو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جبکہ دلہن کی رخصتی چند ماہ بعد متوقع ہے۔
سہیل تنویر کا نکاح راولپنڈی کے علاقے جھنڈا چیچی کی معروف کاروباری شخصیت کی صاحبزادی کومل کے ساتھ ہوا ہے جس کی تقریب کیانی اسٹریٹ، ڈھوک چوہدریاں، چکلالہ اسکیم تھری راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ سہیل نے شادی مکمل طور پر والدین کی مرضی سے کی ہے جس پر ان کے والد ملک تنویر، پنجاب پولیس کے سابق سب انسپکٹر ہیں، بہت خوش ہیں۔ ملک تنویر کا کہنا ہے کہ سہیل تنویر کا نکاح ایک بہت اچھے خاندان میں کرایا گیا ہے اور اب اُن کی یہی خواہش ہے کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم میں مستقل جگہ پائیں اور اچھی کرکٹ کھیل کر ملک و قوم کا نام مزید روشن کریں۔
سہیل تنویر نے کرک نامہ کے رابطہ کرنے پر اپنے نکاح کی تصدیق کی۔