مستقبل کا فیصلہ ایک دو روز میں ہو جائے گا: اعجاز بٹ

1 1,015

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجازبٹ کا کہنا ہے کہ ان کے مستقبل کا فیصلہ ایک دو روز میں ہو جائے گا۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے بعد اعجاز بٹ دبئی سےوطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر کرک نامہ سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز بٹ نے کہا کہ مذکورہ معاملے میں فیصلہ چند روز میں ہو جائے گا تاہم انہوں نے عہدے میں توسیع کی خواہش کے حوالے سے اپنا موقف دینے سے گریز کیا البتہ وہ اس موقع پر کافی مطمئن نظر آ رہے تھے۔

اعجاز بٹ آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں شریک ہیں (تصویر: Getty Images)
اعجاز بٹ آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں شریک ہیں (تصویر: Getty Images)

اعجاز بٹ نے کہاکہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے پاک-بھارت کرکٹ میچ کے انعقاد کے لیے انہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ سوامی نارائن سری نواسن سے گفتگو کی ہے اور اس معاملے پر پیشرفت ہونے کی توقع ہے تاہم مجوزہ پاک بھارت مقابلے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان کے حوالے سے اہم فیصلہ یہ ہوا کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے 2012ء سے 2014ء تک نائب صدارت کے عہدے کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش سے امیدوار طلب کر لیا ہے۔ آئی سی سی کے موجودہ آئین کے تحت صدر و نائب صدر کا تقرر روٹیشن پالیسی کے تحت ہوتا ہے تاہم رواں سال آئی سی سی کی جانب سے اس پالیسی کو تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی تھی لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا اس لیے بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے آئین کے تحت پاکستان و بنگلہ دیش سے اپنے امیدوار کی درخواست پیش کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے اعجاز بٹ کے مسقبل پر اب بھی ایک سوالیہ نشان عائد ہے اور افواہوں کا ایک بازار گرم ہے۔ چند حلقوں کا کہنا ہے کہ اعجاز بٹ اپنے اہل خانہ کی خواہش پر عہدہ چھوڑ رہے ہیں جبکہ دیگر ذرائع کہہ رہے ہیں کہ ان کے عہدے کی میعاد میں چند ماہ کی توسیع کی جائے گی۔

اعجاز بٹ 8 اکتوبر 2008ء سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہیں اور گزشتہ سال 2 سالہ مدت کے خاتمے پر انہیں ایک سال کی توسیع دی گئی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ چند روز بعد آنے والا فیصلہ کس کے حق میں ہوتا ہے۔