پشاور کے تیز گیند باز نعمان حبیب قتل
پشاور سے تعلق رکھنے والے تیز گیند باز نعمان حبیب کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا۔
مقتول نعمان حبیب 9 اکتوبر کو اس وقت لاپتہ ہو گئے تھے جب وہ پشاور کے علاقے حیات آباد میں واقع اپنی رہائش گاہ سے جمنازیم کے لیے نکلے تھے۔ ایک روز تک غائب رہنے کے بعد ان کے اغواء کا شبہ ظاہر کیا گیا اور آج رہائش گاہ کے قریب سے ان کی لاش ملی۔
نعمان نے مبینہ اغواء سے ایک روز قبل قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں پشاور کی نمائندگی کرتے ہوئے ملتان کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ٹیم کی اننگز اور 11 رنز سے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 4 اور دوسری اننگز میں 3 حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔
ان کی نماز جنازہ آج شب 8 بجے پشاور کے علاقے حیات آباد میں ادا کی جائے گی۔
قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ سمجھا جا رہا ہے۔
نعمان حبیب نے حال ہی میں فیصل بینک نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء میں بھی شرکت کی تھی اور پشاور پینتھرز کی سیمی فائنل تک رسائی میں اہم کھلاڑی کی حیثیت سے شامل رہے۔ انہوں نے گروپ مرحلے کے دوران کراچی ڈولفنز کے خلاف اہم ترین فتح میں شاہ زیب حسن، شاہد آفریدی اور اسد شفیق کی کلیدی وکٹیں حاصل کر کے پشاور کی فتح کی بنیاد رکھی تھی جس کی وجہ سے ٹیم سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیا ب ہوئی۔
انہوں نے مجموعی طور پر 63 فرسٹ کلاس میچز کھیلے اور 26.22 کے شاندار اوسط سے 221 وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ نعمان حبیب نے فرسٹ کلاس کیریئر میں خان ریسرچ لیبارٹریز کی بھی نمائندگی کی۔