مشفق نے بنگلہ دیش کو واحد ٹی ٹوئنٹی جتوا دیا

1 1,021

مشفق الرحیم نے بطور کپتان اپنے ہی میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ویسٹ انڈیز کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کو کامیابی دلا دی۔

یوں بنگلہ دیش نے رواں سال میرپور، ڈھاکہ ہی میں عالمی کپ 2011ء کے میچ میں ہونے والی بدترین شکست کا بدلہ لے لیا۔ مذکورہ میچ میں بنگلہ دیش محض 58 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا اور یوں بعد ازاں انگلستان کے خلاف اپ سیٹ فتح بھی اسے عالمی کپ کے اگلے مرحلے تک نہ پہنچا سکی۔ مذکورہ ویسٹ انڈیز-بنگلہ دیش معرکے کے بعد چند مقامی شائقین نے ویسٹ انڈین ٹیم کی بسوں پر پتھراؤ بھی کیا تھا۔

مشفق الرحیم نے اپنی قیادت میں بنگلہ دیش کو پہلے ہی میچ میں فتح دلا دی (تصویر: AP)
مشفق الرحیم نے اپنی قیادت میں بنگلہ دیش کو پہلے ہی میچ میں فتح دلا دی (تصویر: AP)

بہرحال، منگل کو کھیلے گئے ویسٹ انڈیز کے دورۂ بنگلہ دیش کے واحد ٹی ٹوئنٹی ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں میزبان نے وکٹ کیپر کپتان مشفق الرحیم کے 26 گیندوں پر 41 رنز اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر بلند و بالا چھکے کی بدولت 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کرنے والے بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز جیسے مضبوط حریف کو مقررہ 20 اوورز میں محض 132 رنز بنانے دیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے مارلون سیموئلز نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے بھی شامل تھے لیکن ان کے علاوہ کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی پیش نہ کر پایا۔ لینڈل سیمنز 23 رنز کے ساتھ دوسرے بہترین بلے باز رہے جبکہ مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا۔ آندرے رسل 5، ڈیرن براوو 7، ڈینزا ہیاٹ 2 اور کپتان ڈیرن سیمی محض 1 رن بنا سکے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے عبد الرزاق، شفیع الاسلام اور سابق کپتان شکیب الحسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روبیل حسین اور نعیم اسلام کو ایک، ایک وکٹ ملی یوں مشفق الرحیم کے آزمائے گئے تمام گیند باز وکٹ سمیٹنے میں کامیاب رہے۔

133 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، لیکن ہدف کم ہونے کے باعث اس کے جیتنے کی امیدیں ہمہ وقت برقرار رہیں۔ اس کو درمیان میں ایک زبردست دھچکا ضرور پہنچا جب شکیب الحسن پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹے اور الوک کپالی بھی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ لیکن میدان میں آنے والے مشفق الرحیم نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور ذمہ داری کا بھرپور ادراک کرتے ہوئے فتح کا بیڑا اٹھایا۔ نعیم اسلام اور ناصر حسین نے آخر میں ان کا اچھا ساتھ دیا۔ دونوں نے اہم ترین یعنی 19 ویں اوور میں 14 رنز لوٹ کر بنگلہ دیش کو غالب پوزیشن عطا کر دی

آخری اوور میں، جب بنگلہ دیش کو فتح کے لیے6 رنز درکار تھے، روی رامپال نے ابتدائی تین گیندوں پر صرف ایک رن بنانے دیا اور ناصر حسین کو آؤٹ بھی کیا جس کے بعد تمام تر ذمہ داری مشفق الرحیم پر آ گئی جنہوں نے پانچویں گیند پر چھکا رسید کر کے فتح کو ویسٹ انڈیز کے جبڑوں سے چھین لیا۔

اس موقع پر زبردست جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور تمام بنگلہ دیشی کھلاڑی اپنے کپتان کے ساتھ فتح کا جشن منانے کے لیے میدان میں اتر گئے۔

مشفق الرحیم کو فتح گر اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روی رامپال اور مارلون سیموئلز کو 2،2 وکٹیں ملیں جبکہ ڈیرن سیمی، انتھونی مارٹن اور کریگ براتھویٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اب دونوں ٹیمیں 3 ایک روزہ مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گی جس کا پہلا معرکہ 13 اکتوبر کو میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں ہی ہوگا۔

اسکور کارڈ کچھ دیر میں ملاحظہ کریں