عالمی کپ 2011ء: بھارت انگلستان معرکہ بنگلور میں ہوگا

2 1,061

بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم کا ایک خوبصورت منظر
بالآخر بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کر دی ہے کہ عالمی کپ 2011ء کا کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سے چھینا گیا مقابلہ اب بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ عالمی کپ 2011ء کا یہ اہم میچ میزبان بھارت اور فیورٹ ٹیموں میں سے ایک انگلستان کے مابین کھیلا جائے گا۔

بھارت کے سب سے بڑے اور مشہور میدان ایڈن گارڈنز میں تعمیراتی کام کی سست روی کے باعث بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اسے اہم میچ کی میزبانی سے محروم کر دیا تھا۔ اب یہ میچ مقررہ تاریخ یعنی 27 فروری ہی کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی نے ایڈن گارڈنز کو سونپے گئے مزید تین میچز کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا لیکن ایک خط میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے کہا ہے کہ وہ عالمی کپ کے لیے ایڈن گارڈنز کے تعمیراتی کام کی بروقت تکمیل کو ممکن بنائے۔ اس سلسلے میں آئی سی سی کی ٹیم 7 فروری کو ایڈن گارڈنز کا دورہ کرے گی۔

ایڈن گارڈنز کو بھارت اور انگلستان کے اہم میچ کے علاوہ مزید تین مقابلوں کی میزبانی سونپی گئی تھی۔ جن میں صرف مذکورہ میچ ہی میں بھارت کو کھیلنا تھا تاہم اب کولکتہ تین غیر اہم میچز کی میزبانی کرے گا جن میں آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز اور کینیا اور زمبابوے مدمقابل ہوں گے۔ دوسری جانب چناسوامی کو اب 5 میچز کی میزبانی ملے گی۔ جن میں سے دو میں بھارت کھیلےگا یعنی ایک مذکورہ بھارت- انگلستان مقابلہ اور دوسرا بھارت اور آئرلینڈ کا میچ۔ ان کے علاوہ دیگر میچز میں انگلستان و آئرلینڈ، آسٹریلیا و کینیا اور آسٹریلیا و کینیڈا مدمقابل ہوں گے۔