محتشم رشید پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مقرر، منصور رانا کو ہٹا دیا گیا

1 1,022

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کے کوچ منصور رانا کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ محتشم رشید قومی خواتین ٹیم کے نئے کوچ ہوں گے۔

منصور رانا کی زیر تربیت قومی خواتین ٹیم نے ایشین گیمز 2010ء میں سونے کا تمغہ جیتا تھا اور حالیہ دورۂ ویسٹ انڈیز بھی انہی کی زیر نگرانی ہوا تھا جہاں قومی ٹیم شکست سے دوچار ہوئی تاہم اب جبکہ ٹیم سال کا سب سے اہم ترین ٹورنامنٹ کھیلنے اگلے ماہ بنگلہ دیش جا رہی ہے تو انہیں عہدے سے برخاست کر دیا گیا ہے۔

پاکستان خواتین ٹیم نے اگلے ماہ عالمی کپ کوالیفائرز کھیلنے ہیں (تصویر: AFP)
پاکستان خواتین ٹیم نے اگلے ماہ عالمی کپ کوالیفائرز کھیلنے ہیں (تصویر: AFP)

منصور رانا کا تعلق پاکستان کرکٹ کے لیے شاندار خدمات انجام دینے والے رانا خاندان سے ہے جس میں معروف امپائر شکور رانا، ٹیسٹ کھلاڑی شفقت اور عظمت رانا اور انتظامی خدمات انجام دینے والے سلطان راناشامل رہے ہیں۔ آپ اس سے قبل پاکستان انڈر 19 کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں ۔

محتشم رشید ٹیم کے حالیہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے شریک تھے۔ آپ کو 2008ء میں ایک سال کے لیے مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا اور آپ نے مختصر عرصے کے لیے اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں، یوں وہ قومی سطح پر ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ محتشم معروف کرکٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ ہارون رشیدکے بھائی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کو اگلے ماہ بنگلہ دیش میں عالمی کپ کے کوالیفائرز میں حصہ لینا ہے اور جہاں وہ گروپ 'بی' میں ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، جاپان اور میزبان بنگلہ دیش کا مقابلہ کرے گی۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 14 نومبر کو شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں پاکستان و میزبان بنگلہ دیش کے درمیان ہوگا۔