جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلوی دستے کا اعلان
آسٹریلیا نے 18 سالہ پیٹرک کمنز کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے دستے میں شامل کر لیا ہے۔ نوجوان تیز گیند باز نے جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے ذریعے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا ہے اور پہلے ہی مقابلے میں فتح گر کارکردگی دکھا کر ماہرین کے ساتھ ساتھ سلیکٹرز کے بھی دل موہ لیے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف 1-0 سے یادگار سیریز فتح حاصل کرنے والے دستے میں واحد تبدیلی اس نوجوان گیند باز ہی کی ہے جسے جیمز پیٹن سن کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔
چیئرمین سلیکٹرز اینڈریو ہلڈچ کا کہنا ہے کہ نوجوان گیند باز کا مستقبل بہت روشن ہے اور اس نے بین الاقوامی سطح پر اپنی اہمیت کو ظاہر کر دیا ہے۔ اگر وہ زخمی نہ ہوتے تو شاید انہیں دورۂ سری لنکا میں ہی موقع دے دیا جاتا۔ اب وہ مکمل طور پر تیار اور اس اہم سیریز کے لیے دستے کا حصہ ہیں۔
پیٹرک کمنز رواں سال کے اوائل میں کرکٹ آسٹریلیا کا معاہدہ (کانٹریکٹ) حاصل کرنے والے نوجوان ترین کھلاڑی بنے تھے تاہم وہ آسٹریلیا کے کم عمر ترین ٹیسٹ کھلاڑی کا ریکارڈ نہیں توڑ پائیں گے جو 1953-53ء میں این کریگ نے محض 17 سال اور 293 دن کی عمر میں ملبورن ٹیسٹ کھیل کر قائم کیا تھا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ 19 اکتوبر سے 3 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کھیلیں گے جس کے بعد پہلا ٹیسٹ 9 نومبر سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہوگا۔
اعلان کردہ دستے میں مندرجہ ذیل کھلاڑی شامل ہیں (بلحاظ حروف تہجی):
مائیکل کلارک (کپتان)، شین واٹسن (نائب کپتان)، بریڈ ہیڈن، پیٹر سڈل، پیٹرک کمنز، ٹرینٹ کوپ لینڈ، رکی پونٹنگ، ریان ہیرس، شان مارش، عثمان خواجہ، فل ہیوز، مائیک ہسی، مائیکل بیئر، مچل جانسن اور ناتھن لیون۔