زمبابوے چاروں شانے چت؛ دوسرا ٹی ٹوئنٹی اور سیریز بلیک کیپس کے نام
نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کے ذریعے مسلسل دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں میزبان ٹیم کو شکست دے کر دورہ زمبابوے کا کامیاب آغاز کرلیا ہے. گزشتہ مقابلے میں بدترین شکست کا شکار ہونے والی زمبابوے کی ٹیم دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں بھی زخم خوردہ نظر آئی جس کا بلیک کیپس بلے بازوں اور پھر گیند بازوں نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک آسان فتح کے ساتھ سیریز اپنے نام کرلی.
موسم سے متاثرہ اس میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے میک کولم برادارن نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا. پہلے کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ 18 اوورز میں جس برق رفتاری سے رنز کا انبار جمع کیا اس میں برینڈن میک کولم کے 37 گیندوں پر 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے بنائے گئے 64 رنز بھی شامل تھے. برینڈن میک کولم نے ساتھی اوپنر مارٹن گپٹل کے ہمراہ پہلی وکٹ کی شراکت میں 120 رنز بنائے اور ایک بڑے مجموعہ کی بنیاد رکھی. گپٹل نے بھی روایتی ٹی ٹوئنٹی طرز اپناتے ہوئے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے برق رفتار 67 رنز کی اننگ کھیلی. بعد ازاں جیسی رائیڈر نے بھی زبردست کھیل پیش کیا اور اسکور کو 187 تک پہنچا دیا.
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز مایوس کن رہا. نیوزی لینڈ کے گیند بازوں نے ابتداء ہی میں کامیابیاں حاصل کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط تر کرلی. خصوصاَ تیز گیند باز ڈوگ بریس ویل کی نپی تلی گیند بازی نے زمبابوے کے کسی بلے باز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا. بلے بازی میں اپنی بھائی کی کارکردگی کو گیند بازی کے ذریعے دہراتے ہوئے ناتھن میک کولم نے زمبابوے کو مزید دیوار سے لگا دیا. ناتھن میک کولم نے ایلٹن چگمبرا اور چارلس کونٹری کو اپنی ہی گیند پر کیچ تھام کر چلتا کیا اور پھر کریز پر ڈٹے زمبابوین بلے باز چوما چیبھابھا کو اپنے بھائی ہی کی مدد سے قابو کیا. مستند بلے بازوں کی رخصتی کے بعد زمبابوے کی ٹیم زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور 17 ویں میں 154 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی.
زمبابوے کی جانب سے چوما چیبھابھا نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگ سجائی. نیوزی لینڈ کی جانب سے ناتھن میک کولم اور ڈوگ بریس ویل نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں.
نیوزی لینڈ کے شعلہ فشاں اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل کو میچ کا بہترین کلاڑی قرار دیا گیا.