جنوبی افریقہ آسٹریلیا سیریز، ڈی آر ایس کا بھرپور استعمال ہوگا

1 1,068

جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ اور ٹیسٹ دونوں مرحلوں کے لیے امپائرز کے فیصلوں پر نظر ثانی کے نظام (DRS) کے بھرپور استعمال کا اعلان کر دیا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی ایگزیکٹو بورڈ کے حالیہ اجلاس میں ڈی آر ایس کی لازمی حیثیت ختم کر دی گئی تھی تاہم یہ اعلان کیا گیا کہ اس کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا جو فیصلوں پر نظر ثانی کے اس نظام کے پرانے حامی ہیں، اتفاق رائے سے اس اہم سیریز میں اس کا اس استعمال کریں گے۔ جب آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں 2009ء میں جنوبی افریقہ میں مدمقابل آئی تھیں اس وقت بھی امپائرز کو تکنیکی مدد فراہم کرنے والے اس نظام کا استعمال کیا گیا تھا۔

ایل بی ڈبلیو سمیت ہر فیصلے کے لیے تیسرے امپائرز سے رجوع کیا جا سکتا ہے (تصویر: AP)
ایل بی ڈبلیو سمیت ہر فیصلے کے لیے تیسرے امپائرز سے رجوع کیا جا سکتا ہے (تصویر: AP)

میچ نشر کرنے والے ادارے کے مطابق سیریز میں سپر اور الٹرا سلو موشن، ہاک آئی اور ہاٹ اسپاٹ کے لیے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ اور میدان میں موجود امپائر تمام اقسام کے فیصلوں کے لیے تیسرے امپائر سے رجوع کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ بھارت کے حالیہ دورۂ انگلستان میں ایل بی ڈبلیو کے فیصلے کے لیے تیسرے امپائر سے رجوع کرنے پر پابندی تھی، یوں ڈی آر ایس کا آدھا استعمال کیا گیا اور اُس پر بھی بھارت نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا جو بعد ازاں آئی سی سی کی جانب سے لازمی حیثیت کے خاتمے کا پیش خیمہ بنی۔

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ مقابلوں کی سیریز 19 اکتوبر سے سنچورین میں شروع ہو رہی ہے جبکہ ٹیسٹ مرحلے کا آغاز 9 نومبر کو نیولینڈز، کیپ ٹاؤن میں ہوگا۔