شاہد آفریدی میں دو تین سال کی کرکٹ باقی ہے، وسیم اکرم

1 1,008

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے شاہد آفریدی کے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اُن میں ابھی دو تین سال کی کرکٹ باقی ہے۔

Wasim Akram
وسیم اکرم نے آفریدی کی دوبارہ میدان میں واپسی کے فیصلے کو سراہا ہے

کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ شاہد آفریدی نے جس وقت احتجاجاً ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، میرا اس اس وقت بھی یہی موقف تھا کہ اُن میں ابھی کافی کرکٹ باقی ہے، اور انہیں اپنے آخری ایام کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنا چاہیے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ بڑے بھائی اور سینئر کرکٹر کی حیثیت سے میرا شاہد آفریدی کو مشورہ ہے کہ وہ سنبھل کر اور اپنی کرکٹ کو بھرپور طریقے سے انجوائے کرتے ہوئے آنے والے سالوں میں پاکستان کی خدمت کریں۔ قومی کرکٹ ٹیم کو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اُن جیسے کارآمد کھلاڑی کی بہت ضرورت ہے۔ اب یہ اُن پر منحصر ہے کہ وہ پاکستان کے لیے کتنا کھیلتے ہیں اور ملک کی جھولی میں کتنی کامیابیاں ڈالتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف ایگزیکٹو عارف علی خان عباسی نے شاہد آفریدی کے ریٹائرمنٹ واپس لینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کا ریٹائرمنٹ لینا اور پھر فیصلہ واپس لے لینا ایک روایت بنتا جارہا ہے،جس کی واحد وجہ بورڈ کی کمزور انتظامیہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پی سی بی میں کوئی چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ جس کا جو جی چاہے کہہ رہا ہے اور کررہا ہے۔

عارف عباسی نے کہا کہ کمزور انتظامیہ ہی کی وجہ سے پاکستان کے تین کھلاڑی برطانیہ میں جیل کی ہوا کھانے کے قریب پہنچ گئے ہیں اور جس طرح بورڈ میں معاملات چلائے جا رہے انہیں خدشہ ہے کہ مزید پاکستانی کرکٹرز بھی اس صورتحال سے دوچار ہوسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد کی جانب سے بھی شاہد آفریدی کی مشروط ریٹائرمنٹ واپس لینے کے فیصلہ پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے. شاہد آفریدی پاکستانی شائقین کرکٹ میں گہرا اثر رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان پر ریٹائرمنٹ کے فوری بعد ہی سے کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کے لیے دباؤ بڑھتا جارہا تھا. تاہم شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سابق انتظامیہ کی موجودگی میں اپنی خدمات پیش کرنے سے معذرت کرلی تھیں. بعد ازاں کوچ وقار یونس اور پھر اعجاز بٹ کی رخصتی نے شاہد آفریدی کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹوں کو دور کردیا اور بالآخر آج شاہد آفریدی نے ریٹائرمنٹ واپس لیتے ہوئے ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان کردیا ہے.