نیوزی لینڈ کے نو آموز کھلاڑی زمبابوے پر جھپٹ پڑے، پہلا ایک روزہ بلیک کیپس کے نام

1,023

نیوزی لینڈ کی جانب سے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے والے روب نکول اور ڈوگ بریسویل نے زمبابوے کے خلاف فتح میں مرکزی کردار ادا کیا اور ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز میں بلیک کیپس کو 1-0 کی برتری دلا دی۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میں گیند بازی اور بلے بازی دونوں میں نیوزی لینڈ کے جونیئر ترین اراکین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والے زمبابوے کی ابتدائی تینوں وکٹیں گرانے والے ڈوگ بریسویل تھے، جن کے لگائے گئے جھٹکوں سے زمبابوے بمشکل ہی سنبھل پایا۔

روب نکول اور مارٹن گپٹل کی 153 رنز کی شراکت نے اک اوسط ہدف تک رسائی مزید آسان کر دی (تصویر: AP)
روب نکول اور مارٹن گپٹل کی 153 رنز کی شراکت نے اک اوسط ہدف تک رسائی مزید آسان کر دی (تصویر: AP)

اگر کپتان برینڈن ٹیلر اور کیریئر کا 15 واں ایک روزہ کھیلنے والے فورسٹر موتزویوا نہ ہوتے تو زمبابوے شاید 50 رنز بھی نہ بنا پاتا۔ دونوں نے 21 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے بعد میدان سنبھالا اور پانچویں وکٹ کی شراکت پر 156 رنز کا اضافہ کیا۔ خصوصاً کپتان برینڈن ٹیلر نے جس عمدگی سے حریف گیند بازوں کا سامنا کیا وہ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ برینڈن ٹیلر نے محض 120 گیندوں پر 5 بلند و بالا چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 128 ناقابل شکست رنز بنائے جن میں سے تین چھکے انہوں نے 49 ویں اوور میں نیوزی لینڈ کی باؤلنگ کے ہیرو بریسویل کو رسید کیے۔

دوسری جانب موتزیوا نے نسبتاً سست رفتار لیکن ذمہ دارانہ اننگز کھیلی انہوں نے 69 رنز بنانے کے لیے 98 گیندوں کا سہارا لیا جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔ ان دونوں کے علاوہ زمبابوے کے کسی بلے باز کی اننگز دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکی اور کل 231 رنز میں سے 197 رنز ان دونوں بلے بازوں نے بنائے جبکہ تین فاضل رنز بھی شامل کر لیے جائیں تو بقیہ 8 بلے بازوں کے حصے میں محض 31 رنز آتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیبوٹنٹ ڈوگ بریسویل نے 55 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جبکہ جیمز فرینکلن کو 2 اور اینڈی میک کے کو ایک وکٹ ملی۔

جواب میں نیوزی لینڈ کا آغاز شاندار تھا جس نے نو آموز روب نکول اور مارٹن گپٹل کی 153 رنز کی شاندار شراکت اور کم ہدف اور اوسط درجے کے زمبابوین باؤلنگ اٹیک کا خوب فائدہ اٹھایا۔

نکول نے کیریئر کے پہلے ہی ایک روزہ میں سنچری داغی اور 11 چوکوں کی مدد سے 131 گیندوں پر 108 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ ان کے اوپننگ ساتھی مارٹن گپٹل 97 گیندوں پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ گرنے والی واحد وکٹ ہملٹن ماساکازا کے ہاتھ لگی۔

نیوزی لینڈ نے 232 رنز کا ہدف 44 ویں اوور میں حاصل کر لیا اور سیریز میں برتری حاصل کر لی۔

روب نکول کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ اسی میدان میں 22 اکتوبر کو ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں تیسرا ایک روزہ اور واحد ٹیسٹ کھیلنے کے لیے بلاوایو روانہ ہو جائیں گی۔