آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے جنوبی افریقی دستے کا اعلان

1 1,008

جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کے لیے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں حیران کن طور پر ژاک روڈلف کا نام بھی شامل ہے جنہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ 5 سال قبل 2006ء میں کھیلا تھا۔ ان کے علاوہ پاکستانی نژاد عمران طاہر اور ورنن فلینڈر کو بھی پہلی بار ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کے لیے دستے میں طلب کیا گیا ہے۔

عمران طاہر کو پہلی بار ٹیسٹ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے
عمران طاہر کو پہلی بار ٹیسٹ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے

روڈلف نے اپنے کیریئر میں 35 ٹیسٹ مقابلے کھیل رکھے ہیں لیکن انہیں 2006ء کے بعد سے قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا تھا۔ انہیں الویرو پیٹرسن کی جگہ دستے میں شامل کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ، جس نے آخری ٹیسٹ رواں سال جنوری میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا، نے وین پارنیل اور ریان میک لارن کو بھی باہر کر دیا ہے۔

دستے کی قیادت ٹیسٹ کپتان گریم اسمتھ کریں گے جبکہ زخمی ہونے کے باعث محدود اوورز کے مرحلے میں شرکت نہ کر پانے والے اے بی ڈی ولیئرز ان کے نائب ہوں گے۔ تاہم انہیں پہلے ٹیسٹ سے قبل اپنی فٹنس ثابت کرنا ہوگی جو 9 نومبر سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہوگا۔ “

عمران طاہر کی شمولیت کے امکانات بہت تھے جو رواں سال جنوری میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ انہیں پہلی مرتبہ 2009ء میں انگلستان کے خلاف جنوبی افریقی ٹیسٹ دستے میں شامل کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں بین الاقوامی کرکٹ قوانین کے تحت انہیں باہر کرنا پڑا کیونکہ عمران پاکستان اے کی نمائندگی کر چکے تھے اور کسی دوسرے ملک کی نمائندگی کے درمیان 5 سال کا وقفہ ضروری ہے جو جنوری 2011ء میں مکمل ہوئے۔ جس کے بعد انہوں نے عالمی کپ 2011ء میں شرکت کی اور اب تک انہیں ٹیسٹ کیریئر کے آغاز کا بھی موقع مل رہا ہے۔ وہ جنوبی افریقی دستے میں اسپنر کی اہم کمی کو پورا کریں گے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

گریم اسمتھ (کپتان)، ابراہم ڈی ولیئرز (نائب کپتان)، ایشویل پرنس، پال ہیرس، ڈیل اسٹین، ژاک روڈلف، ژاک کیلس، ژاں پال ڈومنی، عمران طاہر، لونوابو سوٹسوبے، مارک باؤچر، مورنی مورکل، ورنن فلینڈر اور ہاشم آملہ۔