ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی کل جاری ہوگی

1 1,003

تاریخ میں پہلی بار ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی کا اعلان کل (سوموار کو) ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ایک خصوصی تقریب دبئی، متحدہ عرب امارات میں واقع صدر دفاتر میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے منعقد ہوگی۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق تقریب کے بعد آئی سی سی کے جنرل مینیجر – کرکٹ ڈیوڈ رچرڈسن ایک میڈیا بریفنگ دیں گے جبکہ تقریب میں عالمی درجہ بندی کے نظام کے خالق ڈیوڈ کینڈکس اور پاکستان اور سری لنکا کے اہم کھلاڑی بھی شرکت کریں گے جو اس وقت دو طرفہ ٹیسٹ سیریز کے لیے متحدہ عرب امارات میں ہی موجود ہیں۔

پاکستان بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ جیتا ہے لیکن گزشتہ دو سال میں ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے
پاکستان بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ جیتا ہے لیکن گزشتہ دو سال میں ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے

اب تک صرف ٹیسٹ اور ایک روزہ مقابلوں کے لیے ملکوں اور کھلاڑیوں کی درجہ بندی جاری کی گئی ہے، اور اب اس سلسلے میں ٹی ٹوئنٹی کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی کے اجراء کا فیصلہ رواں سال ماہِ جون میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں کیا گیا تھا۔

یہ عالمی درجہ بندی اس وقت جاری کی جا رہی ہے جب بھارت اور انگلستان 27 اکتوبر کو کولکتہ میں ایک ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے میں آمنے سامنے ہونے والے ہیں جبکہ اگلے سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء بھی کھیلا جائے گا جس میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔