نومبر-دسمبر میں پاک بنگلہ دیش سیریز کھیلی جائے گی

1 1,060

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اگلے ماہ سے بنگلہ دیش کا دورہ کرے گا جہاں وہ دو ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیلے گا۔

یہ سیریز درحقیقت پاکستان میں طے شدہ تھی لیکن امن و امان کی غیر یقینی صورتحال کے باعث اب اس کا انعقاد بنگلہ دیش میں ہو رہا ہے تاہم بنگلہ دیش نے یقین دلایا ہے کہ اس ہوم سیریز کے جواب میں وہ اپریل 2012ء میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

پاکستان کے لیے انگلستان کے خلاف اہم سیریز کی تیاری بنگلہ دیش کرے گا
پاکستان کے لیے انگلستان کے خلاف اہم سیریز کی تیاری بنگلہ دیش کرے گا

شیڈول کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم 26 نومبر کو بنگلہ دیش پہنچے گی اور دورے کا باضابطہ آغاز 29 نومبر کو واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہوگا جو میرپور، ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد یکم اور 3 ستمبر کو اسی میدان پر اولین دو ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا و آخری ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ چٹاگانگ کے ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ مرحلے کا آغاز چٹاگانگ میں 9 دسمبر سے ہوگا جبکہ دوسرا و آحری ٹیسٹ 17 دسمبر سے میرپور، ڈھاکہ میں ہوگا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوران دو طرفہ کرکٹ تعلقات بہتر نہیں سمجھے جاتے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال بنگلہ دیش کے دورے سے انکار کر دیا تھا۔ بنگلہ دیش نے آخری مرتبہ 2008ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد سے اب تک تمام طرز کی کرکٹ میں دونوں ٹیمیں صرف دو مرتبہ مدمقابل آئی ہیں ایک مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2010ء میں اور ایک مرتبہ ایشیاء کپ 2010ء میں۔ پاکستان نے آخری اور واحد مرتبہ 2002ء کے اوائل میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا اور دونوں ٹیسٹ مقابلوں میں بنگلہ دیش کو اننگز کی شکست سے دوچار کیا تھا۔