پی سی اے اسٹیڈیم، موہالی
پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن (پی سی اے) اسٹیڈیم ، موہالی عالمی کپ 2011ء کے میزبان میدانوں میں سے ایک ہے۔ یہ بھارتی پنجاب کے شہر چندی گڑھ سے کچھ فاصلے پر موہالی میں واقع ہے اسی لیے اسے موہالی اسٹیڈیم بھی کہا جاتا ہے۔ یہ پنجاب کی ریاستی کرکٹ ٹیم اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کنگز الیون پنجاب کا گھر ہے۔
یہ بھارت کا 19 واں اور سب سے جدید ٹیسٹ وینیو ہے، جو 1993ء میں مکمل ہوا۔ یہاں پہلا ٹیسٹ 10 دسمبر 1994ء کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا۔
یہاں 1996ء کے عالمی کپ کا سیمی فائنل کھیلا جا چکا ہے جس میں آسٹریلیا نے سخت مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو پچھاڑا اور فائنل میں پہنچا جہاں اسے سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہاں 2005ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک یادگار ٹیسٹ میچ کھیلا جا چکا ہے۔ اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جب دوسری اننگ کا آغاز کیا تو وہ 204 کے خسارے میں تھا اور محض 10 کےاسکور تک پہنچتے پہنچتے اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ انضمام الحق اور یوسف یوحنا نے پاکستان کی ڈوبتی نیا کو پار لگانے کی کوشش کی لیکن 193 کے مجموعی اسکور تک وہ بھی آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر نو آموز عاصم کمال (48 رنز)اور عبد الرزاق (71 رنز) نے اننگ کو سنبھالا دیا۔ عاصم کمال کے بعد کامران اکمل میدان میں آئے جنہوں نے یادگار سنچری (109 رنز) اسکور کی اور پاکستان آخری دو دن نکالنے میں کامیاب ہو گیا۔ جب پاکستان نے 496 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگ ڈکلیئر کی تو بھارت کے سامنے 293 رنز کا ہدف تھا لیکن وقت نہیں تھا۔ یہ پی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا پاکستان اور بھارت کا واحد ٹیسٹ میچ ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان اور بھارت ایک روزہ مقابلے میں آخری مرتبہ یہاں نومبر 2007ء میں مد مقابل آئے جب پاکستان نے یونس خان کی سنچری کی بدولت 322 رنز کا ہمالیہ جیسا ہدف عبور کیا۔
عالمی کپ 2011ء
یہ میدان 2011ء کے عالمی کپ کے تین میچز اس میدان میں کھیلے جائیں گے جن میں ایک سیمی فائنل بھی شامل ہے۔
گروپ بی : نیدرلینڈز بمقابلہ جنوبی افریقہ – 3 مارچ بروز جمعرات
گروپ بی : آئرلینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز – 11 مارچ بروز جمعہ
سیمی فائنل – 30 مارچ بروز بدھ