انگلستان نے بھارت کو چاروں شانے چت کر دیا، واحد ٹی ٹوئنٹی میں با آسانی کامیاب

1 1,095

انگلستان نے ثابت کر دیا کہ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں اسے اول پوزیشن کیوں حاصل ہوئی ہے، اور بھارت کے خلاف ایک روزہ سیریز میں تمام تر مقابلوں میں شکست کے باوجود واحد ٹی ٹوئنٹی میں اس نے بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے با آسانی 6 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔ کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں دورے کے آخری مقابلے میں انگلستان کے لیے فتح حاصل کرنا اس لیے بھی ضروری تھا کہ اگر وہ ہار جاتے تو عالمی درجہ بندی میں حال ہی میں ملنے والی سرفہرست پوزیشن سے محروم ہونا پڑ جاتا تاہم ایک نسبتا آسان ہدف کے تعاقب میں بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی خصوصا کیون پیٹرسن کی برق رفتار نصف سنچری نے دورے کے اختتام پر ٹیم کے چہرے پر مسکراہٹیں ضرور بکھیریں۔

کیون پیٹرسن برق رفتار سنچری انگلستان کی آسان فتح کا اہم سبب تھی (تصویر: Getty Images)
کیون پیٹرسن برق رفتار سنچری انگلستان کی آسان فتح کا اہم سبب تھی (تصویر: Getty Images)

کیون پیٹرسن نے 39 گیندوں پر 3 بلند و بالا چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی جبکہ سمیت پٹیل نے 25 گیندوں پر 21 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں نے تیسری وکٹ پر 60 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ اور انگلستان نے 121 رنز کا ہدف 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیا۔ پیٹرسن امپائر سدھیر اسنانی کے ایک ناقص فیصلے کا شکار ہوئے۔

بھارت کی جانب سے یوسف پٹھان، رویندر جدیجا، ویرات کوہلی اور سریش رائنا نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

بھارتی قائد مہندر سنگھ دھونی کا ابتداء ہی سے یوسف پٹھان کو مسلسل گیند بازی پر لگائے رکھنے کا خمیازہ ٹیم کو بھگتنا پڑا۔ یوسف کے 3 اوورز میں 34 رنز بنے۔ دھونی ٹی ٹوئنٹی جیسے مختصر فارمیٹ میں 7 گیند باز بدل کر بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہ کر پائے اور کرتے بھی کیسے؟ 121 رنز کا مجموعہ حاصل کرنا انگلستان کے بائیں ہاتھ کا کھیل تھا۔

قبل ازیں انگلستان نے اسٹیون فن کی عمدہ گیند بازی اور شاندار فیلڈنگ کی بدولت بھارت کو انتہائی معمولی اسکور تک محدود کر دیا۔ گو کہ بھارت نے آخری دو اوورز میں کپتان مہندر سنگھ دھونی کی برق رفتاری کی بدولت 25 رنز سمیٹے لیکن اس کے باوجود میزبان ٹیم ایسے مجموعے تک نہیں پہنچ سکی جس کا گیند باز دفاع کر پاتے۔ انگلش گیند بازوں نے ابتدائی دونوں اوورز میں بھارت کے دو بلے بازوں کو میدان بدر کیا۔ فن نے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر اجنکیا راہانے کو وکٹ کیپر کریگ کیزویٹر کے شاندار کیچ پر آؤٹ کیا اور بعد ازاں دو مسلسل گیندوں پر خطرناک کھلاڑیوں سریش رائنا اور رویندر جدیجا کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ رائنا 29 گیندوں پر 39 رنز کے ساتھ بھارت کے نمایاں ترین بلے باز رہے۔

فن کی تین وکٹوں کے علاوہ ٹم بریسنن اور روی بوپارا نے بھی عمدہ گیند بازی کی اور نہ صرف 2،2 وکٹیں سمیٹیں بلکہ رنز کے بہاؤ کو روکنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ایک وکٹ سمیت پٹیل کو حاصل ہوئی۔ کیون پیٹرسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

انگلستان کے خلاف محدود اوورز کی اس سیریز کے خاتمے کے بعد اب بھارت ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کی تیاریاں کرے گا جس کا آغاز 6 نومبر سے دہلی میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا۔

دوسری جانب انگلستان دو ماہ سے زائد عرصہ آرام کرنے کے بعد جنوری میں پاکستان کے خلاف اہم سیریز کھیلے گا جس کے دوران دونوں ٹیمیں 3 ٹیسٹ، 4 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گی۔

بھارت بمقابلہ انگلستان: واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ

بتاریخ: 29 اکتوبر 2011ء بمقام: ایڈن گارڈنز، کولکتہ

نتیجہ: انگلستان 6 وکٹوں سے فتحیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: کیون پیٹرسن (انگلستان)

بھارت رنز گیندیں چوکے چھکے
رابن اتھپا  ک کیزویٹر ب بریسنن  1  6  0  0
اجنکیا راہانے   ک کیزویٹرب فن  0  2  0  0
ویرات کوہلی  ک ہیلز ب بریسنن  15  21  3  0
سریش رائنا  ک بیئرسٹو ب فن  39  47  4  2
منوج تیواری  ب پٹیل  15  22  0  0
مہندر سنگھ دھونی  رن آؤٹ (ڈرنباخ)  21  44  0  1
رویندر جدیجا  ب فن  0  1  0  0
یوسف پٹھان  ب بوپارا  10  17  1  0
پروین کمار  ب بوپارا  0  2  0  0
روی چندر آشون  ناٹ آؤٹ  17  14  3  0
فاضل رنز ل ب 1، و 1  2
مجموعہ  20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 120

 

انگلستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹ
 اسٹیون فن  4  0  22  3
 ٹم بریسنن  4  1  19  2
 جیڈ ڈرنباخ  4  0  26  0
 سمیت پٹیل  3  0  13  1
 گریم سوان  2  0  23  0
گریم سوان  3  1  16  2

 

انگلستان (ہدف: 121 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے
 ایلکس ہیلز  ک راہانے ب پٹھان  11  19  0  0
 کریگ کیزویٹر  ک تیواری ب جدیجا  12  10  2  0
 کیون پیٹرسن  ایل بی ڈبلیو ب رائنا  53  39  5  3
 سمیت پٹیل  ک تیواری ب کوہلی  21  25  1  1
 روی بوپارا  ناٹ آؤٹ  14  16  1  0
 جونی بیئرسٹو  ناٹ آؤٹ  2  3  0  0
فاضل رنز  ب 1، ل ب 3، و 4  8
مجموعہ  18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 121

 

بھارت (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
 روی چندر آشون  4  0  20  0
 یوسف پٹھان  3  0  34  1
 رویندر جدیجا  4  1  9  1
 پروین کمار  1  0  13  0
 ونے کمار  2  0  19  0
 ویرات کوہلی  2.4  0  13  1
سریش رائنا  2  0  9  1