تیسرے ٹیسٹ کے لیے گزشتہ مقابلے کی ٹیم برقرار رکھنی چاہیے: اقبال قاسم

1 1,212

پاکستان کے سابق چیف سلیکٹر اور اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ سری لنکا کو شکست دے کر ثابت کردیا ہے کہ زمبابوے میں اس کی کامیابیاں اتفاقی نہیں تھی بلکہ مصباح الیون ورلڈ کلاس ٹیموں کے خلاف بھی کامیابی کی اہل ہے۔

منگل کو کرک نامہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ماضی کے عظیم اسپنر نے کہا کہ سیریز کے اولین ٹیسٹ ٹیسٹ میں سری لنکا کی ٹیم اچھا نہیں کھیل سکی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں شکست سے اب مزید دباؤ کا شکار ہو گئی ہے، اس لیے سیریز کو بچانے کے لیے سری لنکا کو کچھ کرنا ہوگا۔ جبکہ دوسری جانب پاکستا ن ٹیم کو اُسی ٹیم کے ساتھ میدا ن میں اترنا چاہیے جس نے دوسرے ٹیسٹ میں فتح حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مثبت کھیل پیش کر کے سیریز جیتنے کی کوشش کرنا چاہیے۔ اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس عالمی ٹیسٹ درجہ بندی میں خود کو آگے لے جانے کا سنہری موقع ہے اور سری لنکا پر اسی دباؤ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کو اس یہ موقع نہیں کھونا چاہیے۔

جنید خان محمد عامر کے جانے سے پیدا ہونے والا خلا پر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے: اقبال قاسم
جنید خان محمد عامر کے جانے سے پیدا ہونے والا خلا پر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے: اقبال قاسم

بحیثیت چیف سلیکٹر انڈر 19 سطح پر محمد عامر اور جنید خان جیسے گیند بازوں کو موقع دینے والے اقبال قاسم نے کہا کہ گو کہ جنید خان نے دورۂ ویسٹ انڈیز میں اچھی کاکردگی نہیں دکھائی، لیکن مجھے یقین تھا کہ اگر انہیں مسلسل موقع تو وہ عامر کا خلا پورا کرنے کا اہل ہے اور اس نے سری لنکا کے خلاف دونوں میچز میں عمدہ گیند بازی کر کے اس سمت اشارہ دے دیا ہے۔ انہوں نے خصوصاً متحدہ عرب امارات کی بیٹنگ پچوں پر جنید خان کی کارکردگی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقبل کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ اقبا ل قاسم نے مزید کہا کہ اسپنر سعید اجمل نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ورلڈ کلا س اور میچ ونر گیند باز ہے ، جبکہ عبدالرحمٰن نے اسے اچھی مدد فراہم کی۔ انہوں نے پاکستان کے باؤلنگ کمبی نیشن کو بہترین قرار دیا۔

مصباح الحق کے بارے میں اقبال قاسم نے کہا کہ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز اُن کی بطور قائد سے لے کر اب تک وہ کپتان اور بلے باز دونوں کی حیثیت سے عمدہ کارکردگی دکھاتے آ رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں فتوحات حاصل کر رہا ہے۔

پاکستان دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے بعد اب سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کیے ہوئے ہے جبکہ شارجہ میں 3 نومبر سے شروع ہونے والا ٹیسٹ جیتنے کی صورت میں پاکستان عالمی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن حاصل کر سکتا ہے۔