وانکھیڈے اسٹیڈیم، ممبئی
بھارت کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں کرکٹ کا مرکز وانکھیڈے اسٹیڈیم ہے۔ ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اور سیاست دان ایس کے وانکھیڈے سے موسوم یہ میدان 45 ہزار تماشائیوں کی گنجائش کا حامل ہے۔ 2011ء کے عالمی کپ کے لیے اسٹیڈیم میں تعمیر نو کا کام جاری ہے جس میں تماشائیوں کی گنجائش بھی بڑھائی جائے گی۔
یہ میدان 1987ء اور 1996ء دونوں کے عالمی کپ میں اہم میچز کی میزبانی کر چکا ہے۔ 1987ء میں اس نے عالمی کپ کے سیمی فائنل کی میزبانی کی جس میں بھارت کو انگلستان کے ہاتھوں 35 رنز کی شکست ہوئی۔ جبکہ 1996ء کے عالمی کپ میں بھی بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان یادگار مقابلہ بھی یہاں منعقد ہوا جس میں 16 رنز سے شکست بھارت کا مقدر ٹھہری۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت اس میدان پر کبھی ایک روزہ میچ میں مدمقابل نہیں آئے البتہ دونوں ٹیموں نے 1979ء میں ایک ٹیسٹ میچ یہاں کھیلا ہے جس میں بھارت کو فتح نصیب ہوئی۔
اس میدان میں مختلف اسٹینڈز ممبئی سے تعلق رکھنے والے معروف کرکٹرز کے نام سے موسوم ہیں جن میں سچن ٹنڈولکر، سنیل گواسکر اور وجے مرچنٹ شامل ہیں۔
عالمی کپ 2011ء
2011ء کے عالمی کپ کا فائنل اس میدان پر کھیلا جائے گا۔ اور برصغیر کے کرکٹ شائقین ضرور یہ امید رکھیں گے کہ جب 2 اپریل کو یہاں میچ کا آغاز ہو تو میدان میں اترنے والی ٹیمیں بھارت اور پاکستان کی ہوں۔ فائنل کے علاوہ یہ اسٹیڈیم دو میچز کی میزبانی کرے گا۔
گروپ اے : کینیڈا بمقابلہ نیوزی لینڈ – 13 مارچ 2011ء بروز اتوار
گروپ اے : نیوزی لینڈ بمقابلہ سری لنکا – 18 مارچ بروز جمعہ
فائنل – 2 اپریل بروز ہفتہ