ایلن بارڈر میڈل شین واٹسن کے نام

0 1,025
ڈیوڈ ہسی (دائیں) اور شین واٹسن (بائیں)

شین واٹسن کو سال کا بہترین ایک روزہ آسٹریلوی کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے مائیکل کلارک کو محض ایک ووٹ سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ایلن بارڈر میڈل حاصل کیا ہے۔

آسٹریلیا کے اسپورٹس دارالحکومت ملبورن میں ہونے والی تقریب کے دوران ڈیوڈ ہسی کو سال کا بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایک روزہ میچز کے لیے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کی ووٹنگ میں شین واٹسن کو 16 ووٹ ملے جبکہ مائیکل کلارک نے 15 اور کیمرون وائٹ نے 13 ووٹ حاصل کیے۔

شین واٹسن نے اس عرصے کے دوران آسٹریلیا کی جانب سے 40.85 کی اوسط کے ساتھ سب سے زیادہ 858 رنز بنائے جس میں 6 نصف سنچریاں اور ایک شاندار سنچری شامل تھی۔ اگر صرف اس سنچری کی بنیاد پر بھی شین واٹسن کو سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا جاتا تو بے جا نہ ہوتا۔ شین واٹسن نے انگلستان کے خلاف 150 گیندوں پر 161 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر نہ صرف شکست کے بھنور میں پھنسی آسٹریلیا کی کشتی کو باہر نکالا بلکہ ان کی اننگ سے ملنے والے حوصلے ہی کے نتیجے میں آسٹریلیا انگلستان کو 6-1 کے واضح مارجن سے ہرانے میں کامیاب ہوا۔ انہوں نے محض بلے بازی ہی میں اپنے جوہر نہیں دکھائے بلکہ باؤلنگ میں بھی 26.60 کی اوسط سے 20 حریف بلے بازوں کو شکار کیا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اس سال پہلی مرتبہ سال کے بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی کا اعزاز بھی متعارف کروایا جو ڈیوڈ ہسی لے اڑے۔

ڈیوڈ ہسی نے مقررہ عرصے میں 24.71 کی اوسط سے 346 رنز بنائے جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی برق رفتاری کے باعث بہت شاندار ریکارڈ ہے۔ انہوں نے 17.67 کی اوسط سے 9 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ٹی ٹوئنٹی میں ان کی یہی شاندار کارکردگی ہے جس کی وجہ سے وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سب سے زیادہ مہنگے آسٹریلوی کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر آئے۔ ان کے ہموطنوں میں محض لیجنڈری شین وارن ہیں جو ان سے زیادہ رقم حاصل کرتے ہیں۔ اس زمرے میں ڈیوڈ ہسی نے 12 ووٹ حاصل کیے جبکہ شین واٹسن اور کیمرون وائٹ 10، 10 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ ڈیوڈ وارنر نے 9 ووٹ حاصل کیے۔