دورۂ آسٹریلیا کے لیے نیوزی لینڈ کے 13 رکنی دستے کا اعلان

0 1,003

نیوزی لینڈ نے اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف اہم سیریز کے لیے اپنے 13 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں ٹیمیں ماہ دسمبر میں دو ٹیسٹ مقابلے کھیلیں گی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ٹیم میں بلے باز جیسی رائیڈر اور تیز گیند باز ٹم ساؤتھی کی واپسی ہوئی ہے جبکہ 10 کھلاڑی وہی ہیں جنہوں نے رواں ماہ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ میں حصہ لیا تھا۔ نوجوان گیند باز ٹرینٹ بولٹ کو پہلی بار نیوزی لینڈ کی نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے۔

جیسی رائیڈر پنڈلی کی تکلیف کے باعث زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ نہيں کھیل پائے تھے
جیسی رائیڈر پنڈلی کی تکلیف کے باعث زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ نہيں کھیل پائے تھے

ٹیم کے دو اہم اراکین جیسی رائیڈر اور ٹم ساؤتھی جو مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کی وجہ سے زمبابوے نہیں جا سکے تھے، اور اب دورۂ آسٹریلیا کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، جس کا آغاز 24 نومبر کو آسٹریلیا 'اے' کے خلاف برسبین میں چار روزہ مقابلے سے ہوگا۔

آسٹریلیا میں تیز گیند بازوں کو ملنے والی مدد کے باعث آف اسپنر جیتن پٹیل کو باہر کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ اضافی سیمر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے برسبین کے میدان ہی میں کھیلاجائےگا۔

اعلان کردہ بلیک کیپس کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

روز ٹیلر (کپتان)، بریڈلے-جان واٹلنگ، برینڈن میک کولم، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، جیسی رائیڈر، ڈوگ بریسویل، ڈین براؤنلی، ڈینیل ویٹوری، ریس ینگ، کرس مارٹن، کین ولیم سن اور مارٹن گپٹل۔