شاہد آفریدی 300 چھکے لگانے کے منفرد ریکارڈ کے قریب
اپنی جارح مزاج بلے بازی اور عمدہ گیند بازی کے باعث شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنے رہنے والے معروف آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی ایک نیا اور منفرد ریکارڈ قائم کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں تیز ترین سنچری جڑنے والے شاہد آفریدی اب چھکوں کی تیسری سنچری مکمل کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست میں اول نمبر پر براجمان ہیں اور انہیں 300 چھکے لگانے کا منفرد ریکارڈ بنانے کے لیے صرف 10 مزید چھکوں کی ضرورت ہے۔ فہرست میں دوسرا نمبر سابق سری لنکن قائد سنتھ جے سوریا کا جو 270 چھکے لگا چکے ہیں۔ بوم بوم آفریدی اور سنتھ جے سوریا کے علاوہ دنیائے کرکٹ کا کوئی دوسرا بلے باز اب تک اپنے کیرئیر میں دو سو سے زائد چھکے نہیں لگا سکا۔
اپنی مشروط ریٹائرمنٹ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے والے شاہد آفریدی اگر یہ سنگ میل عبور کرتے ہیں تو یہ کرکٹ کی تاریخ میں ایک منفرد ریکارڈ ہوگا جسے تسخیر کرنا کسی بھی بلے باز کے لیے اتنا ہی مشکل ہوگا جتنا کہ آفریدی کی تیز ترین اننگ کا ریکارڈ توڑنا ہے۔
ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے دس بلے بازوں کی فہرست:
کھلاڑی | ملک | کُل میچز | مجموعی رنز | چھکوں کی تعداد |
---|---|---|---|---|
شاہد آفریدی | 328 | 6739 | 290 | |
سنتھ جے سوریا | 445 | 13430 | 270 | |
سچن ٹنڈولکر | 453 | 18111 | 193 | |
سارو گنگولی | 311 | 11363 | 190 | |
کرس گیل | 228 | 8087 | 169 | |
رکی پونٹنگ | 370 | 13686 | 162 | |
کرس کیرنز | 215 | 4950 | 153 | |
ایڈم گلکرسٹ | 287 | 9619 | 149 | |
یووراج سنگھ | 274 | 8051 | 144 | |
انضمام الحق | 378 | 11739 | 144 |