سعید اجمل ایک روزہ کرکٹ کے نمبر ون گیند باز بن گئے

6 1,048

پاکستان کے اسپن گیند باز سعید اجمل ایک روزہ کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد بالآخر درجہ بندی میں سرفہرست آ گئے ہیں۔ سعید اجمل سری لنکا کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر تھے لیکن سیریز میں 16.27 کے زبردست اوسط سے 11 وکٹوں نے اُنہیں کیریئر میں پہلی بار دنیا کا بہترین گیند باز بنا دیا ہے۔

سعید اجمل ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں بھی سرفہرست 10 گیند بازوں میں پاکستان کے واحد نمائندہ ہیں اور آٹھویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ اور اب ایک روزہ کرکٹ میں سرفہرست جگہ پانے کے بعد انہوں نے طویل اور مختصر دونوں طرز کی کرکٹ میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوا لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آنے والے دوروں میں اُنہیں پاکستان کی فتوحات میں اہم عنصر قرار دیا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیش کے کپتان تمیم اقبال بھی انہیں سب سے بڑا خطرہ قرار دے رہے ہیں تو انگلستان کی ٹیم ان کی اسپن گیند بازی کا مقابلہ کرنے کے لیے برصغیر میں خصوصی تربیتی کیمپ لگا رہی ہے تاکہ اگلے سال کے اوائل میں سعید اجمل سے نمٹنے کی حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔

سعید اجمل کا نام وسیم اکرم اور ثقلین مشتاق جیسے عظیم گیند بازوں کے ساتھ لکھا جائے گا (تصویر: AFP)
سعید اجمل کا نام وسیم اکرم اور ثقلین مشتاق جیسے عظیم گیند بازوں کے ساتھ لکھا جائے گا (تصویر: AFP)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق سعید اجمل 693 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جنہیں اپنے قریبی ترین حریف نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری پر 3 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ اتفاقاً تیسرے نمبر پر بھی ایک اسپنر موجود ہے یعنی انگلستان کے گریم سوان جو 689 پوائنٹس کے حامل ہیں۔

سری لنکا کے خلاف سیریز میں پاکستانی گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی اُنہیں عالمی درجہ بندی میں اہم مقامات پر لے آئی ہے اور سرفہرست 10 گیند بازوں میں سعید اجمل کے علاوہ دو مزید پاکستانی گیند باز شاہد آفریدی اور محمد حفیظ بھی آ گئے ہیں۔ اتفاق سے پاکستان کے یہ تینوں سرفہرست گیند باز اسپنرز ہیں جنہوں نے حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے خصوصاً شاہد آفریدی جنہوں نے 15.30 کے شاندار اوسط سے سری لنکا کے خلاف سب سے زیادہ یعنی 13 وکٹیں حاصل کیں اور سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔ بلاشبہ اس وقت شاہد آفریدی کیریئر میں گیند بازی کے لحاظ سے بہترین لمحات گزار رہے ہیں اور عالمی کپ 2011ء سے اب تک مستقل بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کیا ہے۔

اُدھر محمد حفیظ اپنی آل راؤنڈ صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے ذریعے پاکستان کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہو رہے ہیں۔ برق رفتار اوپننگ بلے بازی کے ساتھ ساتھ ان کی کارآمد اسپن گیند بازی پاکستان کو اہم مقابلوں میں فتوحات سے ہمکنار کر رہی ہے۔ وہ گیند بازوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلی بار اتنے بڑے مقام پر فائز ہوئے ہیں ۔ گو کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں انہیں زیادہ عمدہ کارکردگی پیش کرنے کا موقع نہیں مل سکا لیکن اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے دوروں میں وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر چکے ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ میں سرفہرست گیند باز رہنے کا اعزاز چند ہی پاکستانی کھلاڑیوں کو حاصل رہا ہے جن میں سے عظیم گیند باز وسیم اکرم 1989ء میں اور ثقلین مشتاق 1997ء میں دنیا کے بہترین گیند باز رہ چکے ہیں جبکہ وقار یونس، عمران خان، شعیب اختر، سرفراز نواز اور دیگر پہلی پوزیشن کا ارمان لیے ہی دنیائے کرکٹ سے رخصت ہو گئے۔

ایک روزہ کرکٹ کے بہترین گیند باز

بمطابق 23 نومبر 2011ء

درجہ نام ملک ریٹنگ
1 سعید اجمل پاکستان 693
2 ڈینیل ویٹوری نیوزی لینڈ 691
3 گریم سوان انگلستان 689
4 مچل جانسن آسٹریلیا 688
5 مورنے مورکل جنوبی افریقہ 678
6 ڈوگ بولنجر آسٹریلیا 660
7 شاہد آفریدی پاکستان 655
8 محمد حفیظ پاکستان 645
9 ڈیل اسٹین جنوبی افریقہ 644
10 شکیب الحسن بنگلہ دیش 639