اعصاب شکن مقابلہ؛ مصباح اور چیمہ نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی بھی جتوا دیا

0 1,099

سری لنکا کے خلاف سیریز کے سنسنی خیز ترین مقابلے کے بعد پاکستان نے ایک اور فتح کے ساتھ دورے کا یادگار و شاندار انداز میں اختتام کیا ہے۔ واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میں خصوصا مصباح الحق کے اعصاب پر قابو رکھ کر ذمہ دارانہ اننگز اور پاکستانی گیند بازوں کے بھیانک آغاز کے بعد اعزاز چیمہ کی عمدہ گیند بازی نے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ یوں پاکستان ٹیسٹ اور ایک روزہ کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی فتح سے ہمکنار ہوا۔ لگتا تھا کہ ابوظہبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں پورا شہر امنڈ آیا ہے، میدان میں تل دھرنے کی جگہ باقی نہیں بچی تھی بلکہ باہر بھی ہزاروں افراد اس امید پر موجود رہے کہ شاید انہیں داخلے کی اجازت مل جائے۔

پاکستان کی ٹیم واحد ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ خوشی سے سرشار (تصویر: AFP)
پاکستان کی ٹیم واحد ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ خوشی سے سرشار (تصویر: AFP)

سری لنکا نے پہلے بلے بازی اور بعد میں گیند بازی میں عمدہ آغاز کیا لیکن پاکستان نے دونوں مرتبہ بھرپور جواب دیتے ہوئے اس کے ارادوں کو خاک میں ملایا۔ مصباح الحق کے علاوہ آخری اوورز میں شاہد آفریدی کے دو چھکوں نے بھی پاکستان پر دباؤ کو کم کیا اور گیند اور رنز کے درمیان موجود فرق کو گھٹانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایک انتہائی عمدہ آغاز کے بعد سری لنکن اننگز پاکستانی گیند بازوں کے ہاتھوں لڑکھڑا گئی۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اعزاز چیمہ اور عمر گل نے آخری دو اوورز میں اس کی پانچ وکٹوں کو ٹھکانے لگایا۔ ایک موقع پر ایسا لگتا تھا کہ سری لنکا 180 سے 200 تک کا ہدف دے گا کیونکہ اولین 10 اوورز میں وہ 91 رنز بنا لیے تھے اور اس کی محض 3 وکٹیں گری تھیں لیکن پاکستان کے شاندار جوابی وار نے اسے پچھلے قدموں پر دھکیل دیا اور وہ اگلے 10 اوورز میں محض 50 رنز بنا پایا۔ سب سے عمدہ اننگز دنیش چندیمال نے کھیلی جنہوں نے 44 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے اور انہی کی موجودگی سے سری لنکا کو ایک اچھا ہدف ترتیب دینے کی امید تھی لیکن 19 ویں اوور کی دوسری گیند پر اعزاز چیمہ نے انہیں وکٹوں کے سامنے جا لیا۔ سری لنکا کی آخری پانچ وکٹوں نے محض 2 رنز کا اضافہ کیا اور پوری ٹیم آخری اوورز کی تیسری گیند پر 141 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

اعزاز چیمہ نے اوپل تھارنگا، تھیسارا پیریرا، لاستھ مالنگا اور سب سے آخر میں دنیش چندیمال کی اہم ترین وکٹ حاصل کی۔ ان کے علاوہ 2 وکٹیں عمر گل کو ملیں جبکہ ایک، ایک وکٹ سعید اجمل اور محمد حفیظ نے حاصل کی۔

اعزاز چیمہ نے سری لنکا کی برق رفتار اننگز کو بریک لگا دیے (تصویر: AFP)
اعزاز چیمہ نے سری لنکا کی برق رفتار اننگز کو بریک لگا دیے (تصویر: AFP)

142 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے تیز رفتاری سے آغاز کیا اور عمران فرحت نے پہلے ہی اوور میں تین مرتبہ گیند کو باہر کی راہ دکھائی لیکن محمد حفیظ کی وکٹ گرتے ہی پاکستان کو تہرے نقصان کو سہنا پڑا۔ حفیظ 13 رنز بنانے کے بعد پیریرا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے تو عمران فرحت 19 رنز پر اجنتھا مینڈس اور عمر اکمل صفر پر تلکارتنے دلشان کی وکٹ بن گئے۔ عمر کی وکٹ گرجانا پاکستانی اننگز کے لیےایک بہت بڑا دھچکا تھا کیونکہ اب اس کے تین اہم کھلاڑی 44 پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ رنز بنانے کی رفتار اس قدر سست ہو گئی کہ اگلے 4 اوورز میں پاکستان صرف 19 رنز بنا پایا تاہم بحیثیت مجموعی اسد شفیق اور کپتان مصباح الحق نے اننگز کو اچھی طرح سنبھالا دیا اور اسکور میں مزید 46 رنز کا اضافہ کیا۔ اسد شفیق 33 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنانے کے بعد مالنگا کے ہاتھوں بولڈ ہوئے تو پاکستان بہت زیادہ مشکلات کا شکار دکھائی دیا اور تمام تر ذمہ داری مصباح اور آنےوالے بلے باز شاہد آفریدی کے کاندھوں پر آ گئی کیونکہ ان دونوں کے بعد کوئی بلے باز موجود نہیں تھا۔ اس موقع پر پاکستان کو چار اوورز میں 43 رنز کی ضرورت تھی جو شاہد آفریدی کی موجودگی میں ہر گز ناممکن نہیں تھا۔ لیکن حیران کن طور پر مصباح الحق جارحانہ انداز سے اور آفریدی دفاعی انداز میں بلے بازی کرتے دکھائی دیے۔ مصباح نے خصوصا دلہارا فرنانڈو کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان کے ایک ہی اوور میں تین چوکے رسید کیے جبکہ آفریدی دوسرے اینڈ پر رن لے کر مصباح کو اسٹرائیک دینے کی کوشش میں لگے رہے۔

سری لنکن قائد تلکارتنے دلشان سے یہ غلطی ہو گئی کہ انہوں نے اک نازک موقع پر گیند دلہارا فرنانڈو کو تھما دی جنہیں شاہد آفریدی نے دو چھکے رسیدکر کے میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔گو کہ اوور کی آخری گیند پر وہ وکٹوں کے پیچھے دھر لیے گئے لیکن سری لنکا کا کام تمام ہو چکا تھا۔ آفریدی نے 15 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔

آخری اوور میں پاکستان کو فتح کے لیے 9 رنز درکار تھے اور لاستھ مالنگا کے سامنے یہ رنز بنانا کسی حد تک مشکل ضرور تھا۔ پہلی گیند پر مصباح نے لانگ آف باؤنڈری کی جانب شاٹ کھیلا، جس پر زیادہ سے زیادہ ایک رن بن پاتا لیکن فیلڈر کی سست رفتاری کے باعث پاکستانی بلے باز دوسرا رن لینے میں بھی کامیاب ہو گئے لیکن پھینکی گئی تھرو زہر قاتل ثابت ہوئی جو وکٹ کیپر کمار سنگاکارا اور بیک اپ پر موجود دونوں فیلڈر کو غچہ دیتی ہوئی میدان سے باہر چلی گئی یوں پاکستان کو پہلی ہی گیند پر 6 رنز مل گئے اور میچ تمام ہوا۔ اگلی گیند اندر گھستی ہوئی یارکر تھی جو شعیب ملک کے بلے کا کنارہ لیتی ہوئی وائیڈ تھرڈ مین کی جانب گئی اور دونوں کھلاڑیوں نے دوڑ کر میچ کا خاتمہ کر دیا اور پاکستان پانچ وکٹوں سے فتح یاب ٹھیرا۔ مصباح الحق نے 38 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز کی ناقابل شکست و فیصلہ کن اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے ابتدائی پانچوں گیند بازوں نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی لیکن ان کے دو اہم گیند باز لاستھ مالنگا اور دلہارا فرنانڈو بہت زیادہ مہنگے ثابت ہوئے اور یہی میچ کا نقطہ تبدیلی تھا۔ پاکستانی بلے بازوں نے مالنگا کے 3.3 اوورز میں 32 اور فرنانڈو کے 4 اوورز میں 36 رنز لوٹے اور میچ کا پانسہ اپنے حق میں پلٹنے میں کامیاب ہو گئے۔

یوں پاکستان کے لیے ایک یادگار سیریز کا اختتام ہوا جس میں قومی کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ سیریز 1-0 اور ایک روزہ سیریز 4-1 کے مارجن سے جیتنے کے بعد واحد ٹی ٹوئنٹی بھی اپنے نام کیا۔
اب قومی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جس کے لیے وہ سنیچر کو متحدہ عرب امارات سے براہ راست ڈھاکہ روانہ ہو رہی ہے جبکہ سری لنکا اب جنوبی افریقہ کا مشکل دورہ کرے گا۔

پاکستان بمقابلہ سری لنکا: واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ

بتاریخ: 25 نومبر 2011ء

بمقام: شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم، ابوظہبی، متحدہ عرب امارات

نتیجہ: پاکستان 5 وکٹوں سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: اعزاز چیمہ (پاکستان)

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
اوپل تھارنگا ب اعزاز چیمہ 12 13 2 0
تلکارتنے دلشان ک مصباح ب سعید اجمل 28 15 4 0
دنیش چندیمال ایل بی ڈبلیو ب اعزاز چیمہ 56 44 6 0
کمار سنگاکارا ک و ب محمد حفیظ 9 9 0 0
اینجلو میتھیوز رن آؤٹ 14 20 0 0
چمارا سلوا رن آؤٹ 4 8 0 0
تھیسارا پیریرا ک عمر اکمل ب اعزاز چیمہ 0 2 0 0
لاستھ مالنگا ب اعزاز چیمہ 1 2 0 0
دل رووان پیریرا ک مصباح ب عمر گل 1 3 0 0
اجنتھا مینڈس ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
دلہارا فرنانڈو ب عمر گل 0 1 0 0
فاضل رنز ل ب 3، و 13 16
مجموعہ 19.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 141

 

پاکستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
عمر گل 2.3 0 16 2
سہیل تنویر 2 0 29 0
اعزاز چیمہ 4 0 30 4
سعید اجمل 4 0 22 1
شاہد آفریدی 4 0 21 0
محمد حفیظ 3 0 20 1

 

پاکستان ہدف: 142 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
محمد حفیظ ایل بی ڈبلیو ب تھیسارا پیریرا 13 14 1 0
عمران فرحت ک تھیسارا پیریرا ب مینڈس 19 15 4 0
اسد شفیق ب مالنگا 33 33 3 0
عمر اکمل ب دلشان 0 1 0 0
مصباح الحق ناٹ آؤٹ 48 38 3 1
شاہد آفریدی ک سنگاکارا ب فرنانڈو 22 15 0 2
شعیب ملک ناٹ آؤٹ 2 1 0 0
فاضل رنز و 5 5
مجموعہ 19.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 142

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
لاستھ مالنگا 3.3 0 32 1
تھیسارا پیریرا 4 0 26 1
دلہارا فرنانڈو 4 0 36 1
اجنتھا مینڈس 3 0 20 1
تلکارتنے دلشان 2 0 8 1
دل رووان پیریرا 3 0 20 1