نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے آسٹریلوی دستے کا اعلان، 5 زخمی کھلاڑی باہر

2 1,036

جنوبی افریقہ کے خلاف ایک اعصاب شکن سیریز کھیلنے کے بعد آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کے اعضا بھی جواب دے گئے ہیں کیونکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل اسے پانچ کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دینا پڑا ہے۔ اس طویل فہرست میں مایہ ناز آل راؤنڈر شین واٹسن کے علاوہ ریان ہیرس، شان مارش، مچل جانسن اور نوجوان گیند باز پیٹ کمنز شامل ہیں۔

اس وسیع خلا کو عبور کرنا آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی کے لیے ایک بڑا امتحان ثابت ہوا ہے جس نے آج (سنیچر کو) نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے دستے کا اعلان کردیا ہے۔

بریڈ ہیڈن نے جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ میں فتح گر اننگز کھیل کر اپنی اہمیت ثابت کی ہے اور یوں نیوزی لینڈ کے خلاف بھی جگہ پانے میں کامیاب رہے (تصویر: AFP)
بریڈ ہیڈن نے جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ میں فتح گر اننگز کھیل کر اپنی اہمیت ثابت کی ہے اور یوں نیوزی لینڈ کے خلاف بھی جگہ پانے میں کامیاب رہے (تصویر: AFP)

زخمی کھلاڑیوں میں سے شین واٹسن کو ران کے پٹھوں میں کھنچاؤ، مارش کو کمر میں تکلیف، ہیرس کو کولہے کی ہڈیوں، جانسن کو زخمی پیر اور کمنز کو ایڑی میں تکلیف کی شکایت ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ٹیم پرفارمنس مینیجر پیٹ ہاورڈ کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں چند کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کا نقصان اٹھانا پڑا اور وہ کم از کم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ تک تو صحت یاب نہیں ہو سکتے۔ پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے گابا، برسبین میں شروع ہو رہا ہے۔

آسٹریلیا نے گابا کی تیز وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلان کردہ دستے میں چار تیز گیند بازوں مچل اسٹارک، جمیز پیٹن سن، پیٹر سڈل اور بین کٹنگ کو شامل کیا ہے۔ جبکہ شان مارش کی جگہ ڈیوڈ وارنر کو موقع دیا گیا ہے جنہیں عام طور پر ٹی ٹوئنٹی کا کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے اور یہ ان کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ طویل طرز کی کرکٹ میں بھی اپنی اہلیت ثابت کریں۔ ٹیم کا اعلان نئی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جون انوریئرٹی نے کیا۔

بیک وقت اتنے سارے کھلاڑیوں کی انجری کے باعث 'بوڑھے گھوڑوں' یعنی رکی پونٹنگ اور بریڈ ہیڈن کی جگہ بچ گئی ہے بلکہ یوں کہا جائے بھی تو بے جا نہ ہوگا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی نے ان کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

بریڈن ہیڈن کو شین واٹسن کی عدم موجودگی میں کپتان مائیکل کلارک کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

مائیکل کلارک (کپتان)، بریڈ ہیڈن، بین کٹنگ، پیٹر سڈل، جیمز پیٹن سن، ڈیوڈ وارنر، رکی پونٹنگ، عثمان خواجہ، فلپ ہیوز، مائیکل ہسی، مچل اسٹارک اور ناتھن لیون۔