پاکستان کو ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز کے فائنل میں شکست، ویسٹ انڈیز فاتح

0 1,000

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں جتنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز 2011ء کے فائنل میں اتنی ہی ناقص کارکردگی کے بعد 130 رنز کی بدترین شکست کھائی۔ تاہم وہ ویمنز ورلڈ کپ 2013ء میں جگہ پانے اور عالمی درجہ بندی میں چھٹی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں جو بذات خود بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔

شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل سے قبل پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم عالمی درجہ بندی میں آٹھویں درجے پر تھی لیکن ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی اسے چھٹی پوزیشن پر لے آئی ہے جبکہ فاتح ویسٹ انڈیز پانچویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ آئی سی سی کی ویمنز کرکٹرز آف دی ایئر اسٹیفنی ٹیلر کو بنگلہ دیش میں کھیلے گئے کوالیفائرز میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے 81.25 کی اوسط سے 325 رنز بنائے اور 9.30 کی اوسط سے 10 وکٹیں بھی حاصل کر کے ویسٹ انڈین فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد خوشی سے سرشار (تصویر: ICC)
ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد خوشی سے سرشار (تصویر: ICC)

فائنل میں ویسٹ انڈیز کی دیندرا دوتن نے 95 رنز بنائے جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 250 رنز کا ہمالیہ جیسا اسکور مرتب کیا جبکہ جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ کی اسپن گیند بازی کے سامنے صلاحیتوں کی قلعی کھل گئی اور انیسہ محمد نے 14 رنز دے کر پاکستان کی سات بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کی کپتان میریسا ایگوئیلیرا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور ابتداء ہی سے ویسٹ انڈین بلے بازوں نے پاکستان پر زبردست دباؤ قائم کر دیا خصوصا بارباڈوس کی نوجوان آل راؤنڈر دیندرا دوتن کی 95 رنز کی شعلہ فشاں اننگز قابل ذکر ہے جس میں 7 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ ان کی اننگز سے شائقین بھی کافی محظوظ ہوئے جن کی بڑی تعداد نے فائنل دیکھنے کے لیے میدان کا رخ کیا تھا۔ بدقسمتی سے وہ سنچری مکمل نہ کر سکیں اور پاکستان کی نائب کپتان بسمہ معروف کو چھکا رسید کر کے تہرے ہندسے میں داخل ہونے کی کوشش انہیں مہنگی پڑ گئی۔

دوتن کے علاوہ جولیانا نیرو نے 63، اسٹیفنی ٹیلر نے 32 اور اسٹیسی-این کنگ نے 27 رنز کی کارآمد اننگز کھیلیں۔

پاکستان کی جانب سے بسمہ معروف نے 2 اور سعدیہ یوسف اور اسماویہ اقبال نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

251 رنز کی بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ابتدا ہی سے دباؤ میں نظر آیا اور 16 رنز پر اوپنر ندا ڈار کی وکٹ گر گئی۔ دوسری وکٹ پر قانطہ جلیل اور مرینہ اقبال 49 رنز جوڑنے میں کامیاب رہیں لیکن مرینہ کی وکٹ گرتے ہی پاکستان کو یکے بعد دیگرے مزید تین وکٹوں کا نقصان سہنا پڑا۔ پہلے مرینہ اقبال 16 رنز بنا کر ٹیلر کے ہاتھوں پویلین لوٹیں جبکہ بسمہ معروف اور جویریہ خان کی اہم ترین وکٹیں مسلسل دو اوورز میں انیسہ محمد اور اسٹیفنی ٹیلر نے ٹھکانے لگا کر پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ رہی سہی کسر قانطہ جلیل کے آؤٹ ہونے نے پوری کر دی جو 53 رنز بنانے کے بعد انیسہ محمد کا دوسرا شکار بنیں۔

تمام اہم بلے بازوں کے لوٹنے کے بعد سوائے نین عابدی اور ثنا میر کے کوئی کھلاڑی معمولی مزاحمت بھی نہ کر سکا۔ ان دونوں نے بالترتیب 20 اور 17 رنز بنائے اور پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 120 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

انیسہ محمد نے محض 14 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا جو کسی بھی ویسٹ انڈین گیند باز کی سب سے شاندار باؤلنگ ہے۔ اسٹیفنی ٹیلر نے 2 اور شینل ڈیلے نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز: ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز، فائنل

بتاریخ: 26 نومبر 2011ء

بمقام: شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ

نتیجہ: ویسٹ انڈیز 130 رنز سے کامیاب

میچ کی بہترین کھلاڑی: انیسہ محمد (ویسٹ انڈیز)

ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی: اسٹیفنی ٹیلر (ویسٹ انڈیز)

ویسٹ انڈیز رنز گیندیں چوکے چھکے
اسٹیفنی ٹیلر ب اسماویہ اقبال 32 35 6 0
جولیانا نیرو ک جویریہ ب سعدیہ یوسف 63 98 9 1
شینل ڈیلے ک و ب بسمہ معروف 20 41 3 0
دیندرا دوتن ک نین عابدی ب بسمہ معروف 95 83 5 7
میریسا ایگوئیلیرا رن آؤٹ 5 12 1 0
اسٹیسی-این کنگ ناٹ آؤٹ 27 28 2 0
برٹنی کوپر ناٹ آؤٹ 3 3 0 0
فاضل رنز و 5 5
مجموعہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 180

 

پاکستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
سعدیہ یوسف 10 0 67 1
اسماویہ اقبال 8 2 36 1
قانطہ جلیل 5 0 35 0
ثناء میر 10 1 39 0
ندا ڈار 8 1 41 0
بسمہ معروف 9 1 32 2

 

پاکستان ہدف: 251 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
ندا ڈار ایل بی ڈبلیو ب ڈیلے 2 7 0 0
قانطہ جلیل ک کوپر ب محمد 53 61 6 0
مرینہ اقبال ک کنگ ب ٹیلر 16 29 1 0
بسمہ معروف ایل بی ڈبلیو ب محمد 1 11 0 0
جویریہ خان اسٹمپ ایگوئیلیرا ب ٹیلر 1 9 0 0
نین عابدی ب محمد 20 48 2 0
ثناء میر ب محمد 17 39 1 0
اسماویہ اقبال ک نیرو ب محمد 0 5 0 0
ناہیدہ خان ناٹ آؤٹ 3 7 0 0
رابعہ شاہ ک ایگوئیلیرا ب محمد 0 2 0 0
سعدیہ یوسف ک نیرو ب محمد 1 7 0 0
فاضل رنز ل ب 2، و 4 6
مجموعہ 37.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 120

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
شینل ڈیلے 7 2 13 1
شاکرہ سلمان 5 0 29 0
اسٹیسی-این کنگ 1 0 9 0
اسٹیفنی ٹیلر 5 0 19 2
انیسہ محمد 8.3 1 14 7
شیمین کیمبل 5 0 17 0
شیکوانا کوینٹائن 5 0 17 0