پروین کمار زخمی، بھارت ویسٹ انڈیز کے خلاف ناتجربہ کار باؤلنگ دستہ آزمائے گا
بھارت کے تیز گیند باز پروین کمار زخمی ہو کر ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کے ابتدائی تینوں مقابلوں سے باہر ہو چکے ہیں جس کے بعد بھارت کے کیمپ میں کافی ہلچل مچ چکی ہے کیونکہ اس وقت کئی سینئر و اہم کھلاڑی سیریز میں حصہ نہیں لے رہے جن میں کپتان مہندر سنگھ دھونی، سچن ٹنڈولکر اور یووراج سنگھ قابل ذکر ہیں۔
پروین کمار سینے میں تکلیف کا شکار تھے اور منگل کو ان کی پسلی میں فریکچر کی تشخیص ہوئی جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز اور دورۂ آسٹریلیا کے کم از کم ٹیسٹ مرحلے سے باہر ہو چکے ہیں۔ بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بقیہ مقابلوں میں اُن کی جگہ ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے تیز گیند باز ابھیمینو متھن کو دستے میں طلب کر لیا ہے۔
ایک کے بعد دوسری تکلیف کا شکار ہونے والے کمار عالمی کپ 2011ء میں کہنی زخمی ہونے کے باعث شرکت نہیں کر پائے تھے اور حال ہی میں انگلستان کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے بعد انہوں نے اسی تکلیف کے باعث دو ہفتے کے آرام کی درخواست دی تھی۔
پروین کمار کی عدم موجودگی میں بھارت کا تیز باؤلنگ کا شعبہ مکمل طور پر ناتجربہ کار ہو گیا ہے جن میں ورون آرون، ونے کمار، اُمیش یادیو اور متھن شامل ہیں۔ گو کہ حریف ٹیم ویسٹ انڈیز کی ہے لیکن پھر بھی یہ ان گیند بازوں کی صلاحیتوں کا امتحان ہوگا۔