روہیت شرما اور کٹک کے لیے یادگار ترین میچ، بھارت ایک وکٹ سے فتحیاب

0 1,054

بھارت کے مشرقی شہر کٹک کے تماشائیوں کو دو سال کے طویل عرصے کے بعد کوئی بین الاقوامی کرکٹ مقابلہ دیکھنے کو ملا اور وہ کس قدر خوش نصیب تھے کہ انہوں نے سال کے بہترین ایک روزہ مقابلوں میں سے ایک دیکھا۔ جی ہاں! باربتی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے انتہائی کم اسکورنگ میچ میں بھارت نے اعصاب شکن معرکے کے بعد ویسٹ انڈیز کو محض ایک وکٹ سے زیر کر لیا اور پانچ مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ بھارت کے روہیت شرما میچ کے ہیرو رہے جنہوں نے اک ایسے موقع پر بھارت کو فتح کی راہ پر گامزن کیا جب محض 59 پر 'دنیا کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ' کے پانچ ابتدائی مہرے ہل چکے تھے۔ روہیت شرما کے 72 اور رویندر جدیجا کے 38 رنز کی بدولت بھارت کو دوبارہ امید کی کرن نظر آئی اور پھر آخری وکٹ نے درکار 11 رنز بنا کر بھارت کو اک یادگار فتح سے نواز دیا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں باؤنڈری لائن کے ساتھ بیٹھے پریشان حال بھارتی کھلاڑی، سب سے نمایاں روہیت شرما ہیں جو اس وقت میدان بدر ہوئے جب بھارت فتح سے 11 رنز کے فاصلے پر تھا (تصویر: AFP)
میچ کے اختتامی لمحات میں باؤنڈری لائن کے ساتھ بیٹھے پریشان حال بھارتی کھلاڑی، سب سے نمایاں روہیت شرما ہیں جو اس وقت میدان بدر ہوئے جب بھارت فتح سے 11 رنز کے فاصلے پر تھا (تصویر: AFP)

ویسٹ انڈیز کی میچ کو اختتام تک پہنچانے کی اہلیت پر اب بھی ایک بڑا سوالیہ نشان موجود ہے اور اس نے ایک مرتبہ پھر اک ایسی بازی اپنے ہاتھوں سے گنوائی جو بلاشبہ بائیں ہاتھ کا کھیل تھی۔ 212 رنز کا تعاقب کرنے والی حریف ٹیم کے پانچ اہم ترین بلے باز محض 59 پر پویلین لوٹ چکے تھے جن میں مایہ ناز بلے باز وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، ویرات کوہلی اور سریش رائنابھی شامل تھے لیکن اس موقع پر اک ایسے بلے باز نے ہمت نہیں ہاری، جس کا درجہ ہمیشہ گھٹا کر پیش کیا گیا گیا ہے یعنی روہیت شرما نے۔ روہیت نے اپنے کیریئر کی یادگار ترین اننگز کھیلتے ہوئے 99 گیندوں پر ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے اور بدقسمتی سے انہیں اس وقت میدان سے لوٹنا پڑا جب بھارت کو فتح کے لیے محض 11 قدموں کے فاصلے پر تھا اور یہیں سے میچ انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا۔ ویسٹ انڈیز نے دوسرے اینڈ سے وِنے کمار کو ٹھکانے لگا کر معاملے کو آخری وکٹ تک لٹکا دیا۔ لیکن ورون آرون اور اُمیش یادیو پر مشتمل آخری جوڑی نے ان لمحات میں اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور 49 ویں اوور کی آخری گیند پر آرون نے گیند کو لانگ آف کی راہ دکھا کر بھارت کو ایک یادگار فتح سے ہمکنار کر دیا۔ ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے اِس اوور میں آخری جوڑی سے 10 رنز کھائے اور اپنی شکست پر مہر ثبت کر دی۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے کیمار روچ کی تباہ کن گیند بازی کے ذریعے 'دنیا کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ' میں چھید کیے۔ انہوں نے اوپنر پارتھیو پٹیل، گوتم گمبھیر اور ویرات کوہلی کو ٹھکانے لگا کر تہلکہ مچا دیا جبکہ دوسرے اینڈ سے آندرے رسل نے مسلسل دو اوورز میں وریندر سہواگ اور سریش رائنا کی وکٹیں لے کر بھارت کی جوابی کارروائی کو سخت دھچکا پہنچایا لیکن اس موقع پر روہیت شرما نے رویندر جدیجا کے ساتھ مل کر 83 رنز کی میچ بچاؤ شراکت داری قائم کی جو بعد ازاں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ 142 کے مجموعی اسکور پر رویندر جدیجا اور بعد ازاں محض 17 رنز بعد روی چندر آشوِن بھی پویلین لوٹ گئے تو ایسا لگتا تھا کہ بھارت میچ نہیں جیت پائے گا لیکن اس موقع پر وِنے کمار نے شرما کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے آٹھویں وکٹ پر 42 قیمتی رنز جوڑے اور اسکور کو 201 تک لے آئے جہاں سے 11 قدموں کی منزل تک آرون اور یادیو نے پہنچایا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ نے 3 اور آندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک وکٹ انتھونی مارٹن، ڈیرن سیمی اور کیرون پولارڈ کو بھی ملی۔ ایک فیصلہ کن عنصر ویسٹ انڈیز گیند بازوں کی جانب سے دیے گئے فاضل رنز بھی تھے جن کی تعداد 23 تھی۔ اک ایسے میچ میں جہاں بلے بازوں نے حریف ٹیم کو محض 212 کا ہدف دیا ہو، وہاں اتنی کثیر تعداد میں فاضل رنز دینا اک 'جرم' ہے۔ اس میں 16 وائیڈ اور 4 نو بالز بھی شامل ہیں۔

روہیت شرما اور رویندر جدیجا کی 83 رنز کی شراکت فیصلہ کن ثابت ہوئی (تصویر: AFP)
روہیت شرما اور رویندر جدیجا کی 83 رنز کی شراکت فیصلہ کن ثابت ہوئی (تصویر: AFP)

میچ کے آغاز پر بھارت نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بلے بازی کی دعوت دی۔ جس میں ویسٹ انڈیز نے ڈیرن براوو کی نصف سنچری کی بدولت اسکور بورڈ پر 212 رنز کا مجموعہ سجایا۔ اِن فارم ڈیرن براوو، جنہوں نے حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اپنی بلے بازی کے تسلسل کو جاری رکھا اور 74 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ دوسرے قابل ذکر بلے باز ڈینزا ہیاٹ رہے، جنہوں نے 31 رنز بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں نے ایسے موقع پر 75 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی جب ویسٹ انڈیز کی ابتدائی تین وکٹیں 52 رنز پر گر چکی تھیں۔ اختتامی لمحات میں آندرے رسل کے جارحانہ 22 رنز نے ویسٹ انڈیز کو 200 کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں مدد دی۔

بھارت کی جانب سے امیش یادیو اور ورورن آرون نے 2،2 جبکہ ونے کمار، روی چندر آشون، رویندر جدیجا اور سریش رائنا نے ایک، ایک حریف بلے باز کو آؤٹ کیا۔

بھارت کو سیریز میں 1-0 کی برتری دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے روہیت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ وہ آخری لمحات تک باؤنڈری لائن کے ساتھ بیٹھے رہے اور میدان میں موجود آخری جوڑی کی پیشرفت پر اپنا ردعمل دکھاتے رہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا مقابلہ 2 دسمبر کو وشاکھاپٹنم میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت نے اپنے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو سیریز میں آرام کا موقع دیا ہے اور ان کی جگہ وریندر سہواگ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز: پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

بتاریخ: 29 نومبر 2011ء

بمقام: باربتی اسٹیڈیم، کٹک، بھارت

نتیجہ: بھارت ایک وکٹ سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: روہیت شرما (بھارت)

ویسٹ انڈیز رنز گیندیں چوکے چھکے
لینڈل سیمنز ب یادیو 19 30 2 1
ایڈرین بارتھ ک پٹیل ب ونے کمار 17 13 3 0
مارلون سیموئلز ب آرون 10 11 2 0
ڈیرن براوو ب رائنا 60 74 6 0
ڈینزا ہیاٹ رن آؤٹ 31 54 2 1
کیرون پولارڈ ک کوہلی ب آشون 13 33 0 0
دنیش رام دین ک و ب یادیو 14 34 0 0
ڈیرن سیمی ب جدیجا 0 8 0 0
آندرے رسل ب آرون 22 20 2 1
کیمار روچ ناٹ آؤٹ 12 15 1 0
انتھونی مارٹن ناٹ آؤٹ 3 8 0 0
فاضل رنز ل ب 4، و 6 10
مجموعہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 211

 

بھارت (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
ونے کمار 6 0 27 1
امیش یادیو 8 1 33 2
ورون آرون 9 0 47 2
روی چندر آشون 10 1 30 1
رویندر جدیجا 10 0 42 1
سریش رائنا 5 0 20 1
روہیت شرما 2 0 8 0

 

بھارتہدف: 212 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
پارتھیو پٹیل ک مارٹن ب روچ 12 13 2 0
وریندر سہواگ ب رسل 20 29 3 0
گوتم گمبھیر ک رام دین ب روچ 4 3 1 0
ویرات کوہلی ب روچ 3 6 0 0
روہیت شرما ب مارٹن 72 99 3 1
سریش رائنا ک براوو ب رسل 5 7 0 0
رویندر جدیجا ک سیمنز ب پولارڈ 38 62 3 0
روی چندر آشون رن آؤٹ 6 10 0 0
ونے کمار ک روچ ب سیمی 18 48 1 0
ورون آرون ناٹ آؤٹ 6 11 1 0
امیش یادیو ناٹ آؤٹ 6 9 1 0
فاضل رنز ل ب 3، و 16، ن ب 4 23
مجموعہ 48.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 213

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کیمار روچ 10 0 46 3
انتھونی مارٹن 6 1 35 1
آندرے رسل 9 1 29 2
ڈیرن سیمی 8.5 1 40 1
مارلون سیموئلز 10 0 37 0
کیرون پولارڈ 5 0 23 1