آفریدی پر بنگال کا جادو نہ چل سکا، پہلا معرکہ پاکستان کے نام

0 1,032

پاک-بنگال پہلا ایک روزہ انتہائی 'لو اسکورنگ' ثابت ہوا جس میں دونوں ٹیموں نے کل ملا کر 184 رنز بنائے اور 15 وکٹیں گنوائیں تاہم فتح حسب توقع پاکستان کے نام رہی جس نے 5 وکٹوں سے مقابلہ جیت کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ میچ اگر بنگلہ دیش کے لیے تشویشناک رہا تو مسلسل فتوحات حاصل کرنے والے پاکستان کے لیے بھی کوئی حوصلہ افزا نہیں رہا جس نے محض 92 رنز کے ہدف کے حصول میں 5 وکٹیں گنوائیں۔ درمیان میں 4 وکٹیں تو محض 8 رنز کے اضافے سے گریں جن میں تجربہ کار یونس خان اور عمر اکمل کی قیمتی وکٹیں بھی شامل تھیں۔ شاہد آفریدی گیند بازی کے ساتھ ساتھ بلے بازی میں بھی عمدہ کارکردگی کے ذریعے میچ کو پاکستان کے حق میں لے گئے۔ شاہد نے سب سے زیادہ وکٹیں بھی حاصل کیں اور پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بھی بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

شاہد آفریدی کی ایک اور آل راؤنڈ کارکردگی نے پاکستان کا بیڑہ پار لگا دیا (تصویر: AFP)
شاہد آفریدی کی ایک اور آل راؤنڈ کارکردگی نے پاکستان کا بیڑہ پار لگا دیا (تصویر: AFP)

میرپور، ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم کی پچ اسپنرز کے لیے انتہائی مددگار تھی۔ حیران کن امر یہ ہے کہ جب بنگلہ دیش کو معلوم ہے کہ پاکستان کے پاس سعید اجمل، شاہد آفریدی اور ان فارم محمد حفیظ جیسے اسپنرز موجود ہیں اور ان کے بلے باز بھی اسپن گیند بازوں کو کھیلنے کی بہت زیادہ اہلیت نہیں رکھتے تو اس طرح کا ٹریک بنانا کون سی عقلمندی ہے۔ اس سے بھی زیادہ حیران کن امر یہ رہا ہے کہ اک ایسی پچ پر جس پر معمولی گھاس بھی موجود تھی، ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کے فیصلے سے میزبان ٹیم کو بھلا کون سا فائدہ ملا۔ اس کے مقابلے میں پاکستان سے کہیں زیادہ سمجھداری کا ثبوت دیا۔ ایک تو پچ کی صورتحال کو سمجھتے ہوئے 4 اسپنرز کھلائے اور گیند بازی کا آغاز بھی محمد حفیظ سے کرایا جنہوں نے پہلے ہی اوور میں تمیم اقبال کی قیمتی وکٹ حاصل کر کے ان سے وابستہ تمام تر توقعات پر پانی پھیر دیا۔ واحد ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد یہ تک کہا گیا تھا کہ بنگلہ دیش تمیم اقبال کی عدم موجودگی کی وجہ سے ہارا لیکن اگلے ہی مقابلے میں پاکستان نے ثابت کر دیا کہ اس کی باؤلنگ ان کی بیٹنگ سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔

پاکستان کے اسپنر خصوصا شاہد آفریدی بنگالی بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹے اور پوری ٹیم محض 26 ویں اوور میں 91 رنز بنا کر پویلین لوٹا دی۔ شاہد آفریدی نے محض 23 رنز دے کر 5 حریف بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش کی ابتدائی 5 وکٹیں محض 31 پر گریں جس کے بعد سابق کپتان شکیب الحسن نے نوجوان ناصر حسین کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن ان کی شراکت بھی 36 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور ناصر حسین 21 رنز بنانے کے بعد اعزاز چیمہ کی واحد وکٹ بن گئے۔ آخری لمحات میں روبیل حسین کے 3 چوکوں کی مدد سے بنائے گئے ناقابل شکست 15 رنز ہی قابل ذکر رہے جبکہ کوئی اور بلے باز دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکا۔ روبیل ہی کی اننگز بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف کم ترین اسکور پر آؤٹ ہونے سے بچا گئی تاہم بنگلہ دیش 91 رنز ہی بنا پایا۔

یوں بنگلہ دیش ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 100 سے کم رنز پر آؤٹ ہونے کا 'کارنامہ' سب سے زیادہ مرتبہ انجام دینے والی ٹیم بن گئی۔ اب تک 13 بین الاقوامی مقابلوں میں بنگلہ دیش کی اننگز تہرے ہندسے میں پہنچنے سے قبل تمام ہو چکی ہے جبکہ زمبابوے کو 12 مرتبہ اس ہزیمت کا نشانہ بننا پڑا ہے۔

پاکستان کی جانب سے آزمائے گئے تمام گیند بازوں نے کم از کم ایک وکٹ ضرور حاصل کی۔ شاہد آفریدی کی پانچ کے علاوہ عمرگل، محمد حفیظ، شعیب ملک، سعید اجمل اور اعزاز چیمہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستان کا آغاز عمدہ تھا، اوپنرز نے 36 رنز کی شراکت داری فراہم کی لیکن عمران فرحت (12 رنز) کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستان کی اننگزلڑکھڑا گئی۔ محض 8 رنز کے اضافے سے مسلسل 4 اوورز میں پاکستان محمد حفیظ (22 رنز)، یونس خان (2 رنز) اور سرفراز احمد (2 رنز) کی وکٹوں سے محروم ہو گیا۔ اس موقع پر ٹھنڈے مزاج کے مصباح الحق کریز پر موجود تھے اور ان کا ساتھ دینے عمر اکمل آئے جنہوں نے اسکور کو 63 تک پہنچایا لیکن عمر اکمل پچ کے مزاج کو سمجھنے کے بجائے ایک چوکا لگانے کے بعد شکیب الحسن کو وکٹ دے بیٹھے جو ان سے قبل یونس خان کو بھی ٹھکانے لگا چکے تھے یوں پاکستان کو 63 پر اپنی پانچویں وکٹ بھی گنوانا پڑی اور اب پاکستان کے پاس کوئی امکان نہیں بچا تھا۔

شاہد آفریدی گیند بازی میں کمال دکھانے کے بعد میدان میں اترے اور ابتدا میں پچ کے مزاج کو سمجھنے کے بعد انہوں نے ہدف کے قریب پہنچتے ہی 24 ویں اوور میں شکیب کو مسلسل تین چوکے رسید کر کے میچ کا تقریبا خاتمہ کر دیا۔ شکیب کے اگلے اوور میں شاہد نے انہیں ایک اور چوکا رسید کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ یہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف مسلسل 20 ویں فتح تھی۔ شاہد آفریدی 23 گیندوں پر 24 رنز اور کپتان مصباح الحق 46 گیندوں پر 16 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ مصباح نے پورے میچ کا واحد چھکا بھی لگایا ۔

شکیب الحسن اور روبیل حسین نے 2،2 جبکہ ناصر حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مرد میدان قرار دیے گئے شاہد آفریدی کے لیے یہ 27 واں موقع تھا کہ وہ کسی ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہوں۔ سعید انور ہی پاکستان کے وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ان سے زیادہ مرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا ہو۔ اس طرح شاہد کو یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے محض دو مقابلوں میں فیصلہ کن کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ اسی میدان میں 3 دسمبر کو کھیلا جائے گا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے 12 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش: پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

بتاریخ: یکم دسمبر 2011ء

بمقام: شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور، ڈھاکہ

نتیجہ: پاکستان 5 وکٹوں سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: شاہد آفریدی (پاکستان)

سیریز: بنگلہ دیش 0-1 پاکستان

بنگلہ دیش رنز گیندیں چوکے چھکے
تمیم اقبال ایل بی ڈبلیو ب محمد حفیظ 0 4 0 0
شہریار نفیس ک شعیب ب آفریدی 7 29 1 0
نعیم اسلام ک مصباح ب گل 5 13 1 0
مشفق الرحیم ک سرفراز ب شعیب 11 27 0 0
شکیب الحسن ک عمر ب شاہد 15 38 0 0
محمود اللہ ک سرفراز ب شاہد 1 2 0 0
ناصر حسین ک سرفراز ب چیمہ 21 40 2 0
فرہاد رضا ایل بی ڈبلیو ب شاہد 1 6 0 0
عبد الرزاق ک یونس ب سعید 3 6 0 0
شفیع الاسلام ک سرفراز ب شاہد 0 8 0 0
روبیل حسین ناٹ آؤٹ 15 10 3 0
فاضل رنز ب 2، ل ب 2، و 8 12
مجموعہ 30.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 91

 

پاکستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
محمد حفیظ 5 2 7 1
عمر گل 5 1 19 1
شاہد آفریدی 6.3 0 23 5
شعیب ملک 5 0 13 1
سعید اجمل 6 2 13 1
اعزاز چیمہ 3 1 12 1

 

پاکستانہدف: 92 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
محمد حفیظ ک شہریار ب روبیل 22 38 5 0
عمران فرحت ب ناصر 12 23 2 0
یونس خان ک مشفق ب شکیب 2 8 0 0
سرفراز احمد ک شکیب ب روبیل 2 3 0 0
مصباح الحق ناٹ آؤٹ 16 46 1 1
عمر اکمل ب شکیب 7 13 1 0
شاہد آفریدی ناٹ آؤٹ 24 23 4 0
فاضل رنز ل ب 4، و 4 8
مجموعہ 25.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 93

 

بنگلہ دیش (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
عبد الرزاق 4 1 15 0
شفیع الاسلام 3 0 8 0
شکیب الحسن 9.4 3 42 2
روبیل حسین 8 1 23 2
ناصر حسین 1 0 1 1