سہیل تنویر عالمی کپ سے باہر؛ جنید خان پاکستانی دستے میں شامل

0 1,155

آسٹریلیا، بھارت اور انگلستان کے بعد اب پاکستان بھی ان ممالک کی فہرست میں کھڑا ہوگیا کہ جو اپنے کھلاڑی کے زخمی ہو جانے کے باعث عالمی کپ کے دستے میں تبدیلیاں کررہے ہیں۔ پاکستان کے میڈیم فاسٹ بالر سہیل تنویر کو گھٹنے کی تکلیف کے باعث عالمی کپ 2011ء کے دستے سے علیحدہ کردیا گیا ہے اور اب ان کی جگہ نوجوان تیز گیند باز جنید خان ٹیم کے ہمراہ عالمی کپ میں حصہ لیں گے۔

سہیل تنویر ایک طویل عرصے سے گھنٹے میں تکلیف میں مبتلا ہیں جس کے باعث وہ اکثر ٹیم سے اندر اور باہر ہوتے رہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے طبی ٹیم کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ سال ہونے والے گھٹنے کے آپریشن کے بعد آل راؤنڈر سہیل تنویر کی صحت بہتر ہورہی ہے تاہم انہیں مکمل طور پر صحتیاب ہونے کے لیے وقت درکار ہے اس لیے انہیں رواں ماہ شروع ہونے والی عالمی اسکواڈ سے الگ کردیا گیا ہے۔

محمد جنید خان (فائل فوٹو © گیٹی امیجز)
اس سے قبل سہیل تنویر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ان فٹ قرار دے کر باہر کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز کے لیے طلب کر لیا گیا اور ان کا نام پاکستان کے 15 رکنی دستے میں بھی شامل کر لیا گیا۔ سہیل تنویر نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ مقابلوں میں حصہ لیا اور 240 رنز دے کر صرف 4 وکٹیں حاصل کیں۔ گیند بازی میں سہیل تنویر بہت مہنگے بالر ثابت ہوئے البتہ بلے بازی میں انہوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

سہیل تنویر کی جگہ دستے میں شامل ہونے والے محمد جنید خان کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔ بائیں ہاتھ سے تیز گیند کرانے والے 21 سالہ جنید خان ایبٹ آباد، ایبٹ آباد راہنوس کے علاوہ پاکستان انڈر 19 اور پاکستان اے کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں جنید خان نے 35 مقابلوں میں 167 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے سابق سلیکٹر اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ جنید خان ایک بہترین فاسٹ بالر ہیں جو پیس کے ساتھ اسٹیمنا بھی رکھتے ہیں۔ جنید خان پاکستان کے نوجوان فاسٹ بالر محمد عامر کے ہم عصر ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان انڈر 19 کی جانب سے کئی مقابلوں میں ایک ساتھ حصہ لیا۔ بعض مبصرین کے خیال میں جنید خان کو پاکستان کی سینئر قومی ٹیم میں محمد عامر سے قبل موقع ملنا چاہیے تھا کیونکہ وہ عامر کے مقابلے میں زیادہ تجربہ کار اور سمجھدار کھلاڑی ہیں۔

عالمی کپ 2011ء کے لیے اعلان کردہ پاکستانی دستے میں شامل دیگر فاسٹ بالر عبد الرزاق، وہاب ریاض، شعیب اختر اور عمر گل ہیں۔