میٹ پرائیر انگلستان کے سال کے بہترین کرکٹر قرار

0 1,039

انگلش وکٹ کیپر میٹ پرائیر کو سال 2012-13ء کے لیے انگلستان کا سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ یہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے دیا جانے والا سب سے بڑا اعزاز ہے۔

میٹ پرائیر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے وکٹ کیپر ہیں (تصویر: Getty Images)
میٹ پرائیر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے وکٹ کیپر ہیں (تصویر: Getty Images)

وکٹوں کے پیچھے پھرتی اور وکٹوں کے آگے اپنے بلے کے کمالات دکھانے والے 31 سالہ پرائیر نے مجموعی طور پر 7 ٹیسٹ نصف سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں اور حال ہی میں آکلینڈ میں کھیلے گئے مقابلے میں ان کی سنچری نے انگلستان کے لیے میچ بچایا۔

اس اعزاز کے لیے پرائیر کا مقابلہ گزشتہ سال کے فاتح جمی اینڈرسن اور انگلستان کے ٹیسٹ و ایک روزہ کپتان ایلسٹر کک سے تھا۔ کرکٹ اور ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے اراکین نے بذریعہ ووٹنگ پرائیر کا انتخاب کیا۔

ان کے علاوہ کیتھرین برنٹ کو سال کی بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے سارہ ٹیلر، ہولی کولوِن اور چارلوٹ ایڈورڈز کو شکست دے کر تیسری مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل وہ 2006ء اور 2010ء میں یہ اعزاز اپنے نام کر چکی ہیں۔

برنٹ نے بھارت میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

علاوہ ازیں ایسکس اور انگلینڈ انڈر 19 کے وکٹ کیپر بلے باز بین فوکس کو انگلینڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کرکٹر آف دی ایئر جبکہ معذور کھلاڑیوں کی ٹیم کے میتھیو ڈین کو ڈس ایبلٹی کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ دیا گیا۔

کھلاڑیوں کو سوموار کی شام لارڈز کے میدان میں ہونے والی خصوصی تقریب میں اعزازات سے نوازا گیا۔