غیر ملکی امیدوار بھی پاکستان کی کوچنگ سنبھالنے کے خواہشمند

0 1,026

سابق پاکستانی کھلاڑی قومی کی قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنے کے خواہشمند بھی نظر آتے ہیں اور گھبراتے بھی ہيں۔ بھاری بھرکم معاوضے کی وجہ سے یہ عہدہ ان کے لیے پرکشش بھی ہے لیکن ٹیم کی ناکامیوں کی ذمہ داری گلے پڑنے اور قربانی کا بکرا بنائے جانے کا خوف ان کے ارادوں کو ڈانواں ڈول کردیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواہش رکھنے کے باوجود متعدد سابق کھلاڑی اس عہدے کے لیے میدان میں نہیں اترتے البتہ غیر ملکی امیدوار اس خدشے سے ہٹ کر دیکھتے ہیں اور بلا جھجک کسی بھی عہدے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار رہتے ہیں۔

وقار یونس اس وقت بھی ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، دیگر عہدوں پر غیر ملکی امیدواروں کا تقرر ہوسکتا ہے (تصویر: AFP)
وقار یونس اس وقت بھی ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، دیگر عہدوں پر غیر ملکی امیدواروں کا تقرر ہوسکتا ہے (تصویر: AFP)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چند روز قبل مختلف عہدوں پر خالی آسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں اور ذرائع کہتے ہیں کہ چند غیر ملکی امیدواروں نے بھی اپنی درخواستیں بھیجی ہیں۔ بورڈ کو اب تک موصول ہونے والی درخواستوں میں چند غیر ملکی بھی شامل ہیں جن کا ذرائع نے نام بتانے سے فی الحال گریز کیا ہے۔ اس امر کے باوجود کہ بورڈ کا تھنک ٹینک اب بھی اس موقف پر قائم ہے کہ ہیڈ کوچ مقامی ہی ہوگا، لیکن دیگر عہدوں کے لیے غیر ملکی عملے ترجیح دی جاسکتی ہے۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق وقار یونس ایک مرتبہ پھر ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالنے کے لیے تیار ہیں جبکہ ٹیم مینیجر کی ذمہ داری معین خان کے پاس ہوگی جنہیں اس مرتبہ چیف سلیکٹر بھی بنایا جائے گا۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 مئی 2014ء ہے، جس کے ایک ہفتے بعد ٹیم کے ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، فزیو اور اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔